اسرائیلی فورسز کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، 2 روز میں 130 افراد شہید
غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز اپنے وحشی پن اور درندگی سے باز نہ آئی، غزہ پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 2 روز میں 130 افراد کو شہید کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج کے تازہ ترین حملوں میں مزید 28 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے، اسرائیلی فضائیہ نے صحت کے 227 مراکز پر 136 حملے کیے، اہم ہلاکتیں اور تباہی ہوئی۔
نصیرات کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 4 بچوں سمیت 14 فلسطینی شہید ہوئے، خان یونس میں گاڑی پر صیہونی بمباری سے 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق شہداء کی مجموعی تعداد 45 ہزار 658 ہو گئی،1 لاکھ 8 ہزار 583 فلسطینی زخمی ہوئے۔
دوسری جانب حماس نے مصر میں مذاکرات میں ثالثوں کی تازہ جنگ بندی کی تجویز کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔
حماس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے، اسرائیلی فوج کے انخلاء اور شہریوں کی واپسی کیلئے سنجیدہ ہیں۔