موسم سرما کے امراض کا گھریلو علاج
لاہور: (ڈاکٹر بلقیس) موسم سرما میں بچے بڑے سب کھانسی، نزلہ، زکام اور بخار میں مبتلا ہوجاتے ہیں، مختلف قسم کے وائرس، موسم کی ٹھنڈک ، سرد ہوائیں اور الرجی نزلہ زکام و دیگر بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔
ہم میں سے اکثر لوگ آگہی نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر کے پاس جانے پر مجبور ہوتے ہیں، ادویات کے علاوہ کچھ دیسی طریقہ کار بھی موجود ہیں جن کے ذریعے گھر پر ہی نزلہ زکام، کھانسی اور بخار کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے، حکیم اس ضمن میں جو ٹوٹکے بتاتے ہیں ان میں سے چند درج ذیل ہیں۔
ایک چمچ شہد میں چند قطرے ادرک کا رس ملا لیں، یہ آمیزہ نیم گرم پانی کے ساتھ نزلہ، زکام، کھانسی اور ٹھنڈ سے متاثرہ بچوں کو پلائیں، یہ نسخہ ایک سال سے کم عمر بچوں پر آزمانے سے گریز کریں۔
بچوں کو ٹھنڈ لگ جانا
لہسن کے چند جوے اور ایک چمچ اجوائن کو توے پر سینک کر ململ کے کپڑے میں باندھ کر پوٹلی بنا لیں، تھوڑا ٹھنڈا ہونے پر اس پوٹلی کو سوئے ہوئے بچے کے نزدیک رکھ دیں، یہ ٹوٹکا ٹھنڈ ختم کرنے کیلئے مفید ہے۔
سینے کی جکڑن
کھانسی، سینے کی جکڑن اور بخار سے آرام کیلئے ایک پیالی گرم پانی میں تازہ ادرک کچل کر اس کا ایک چائے کا چمچ رس شہد کے ساتھ ملا کر پئیں، اس سے بلغم خارج ہوتا ہے اور پسینہ آ کر بخار دور ہو جاتا ہے، ایک چائے کا چمچ تلسی کے تازہ پتوں کا رس ملانے سے یہ اور بھی مفید ہو جاتا ہے، تلسی کے خشک پتے بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔
کھانسی کا شربت خود بنائیں
چھوٹے بچوں کے لئے گھر میں کھانسی کا شربت تیار کیا جا سکتا ہے، ادرک، تلسی، بڑی الائچی اور کالی مرچیں لے کر پانی میں جوش دیں، چولہا بند کرنے کے بعد اسے ٹھنڈا کر لیں، اسے ذائقہ دار اور مزید مؤثر بنانے کیلئے حسب ضرورت شہد شامل کر کے بچوں کو پلائیں۔
گلے کا درد
اکثر لوگوں کو موسم سرما میں ٹھنڈا پانی، کولڈ ڈرنک یا گرین ٹی میں لیموں کا استعمال نقصان پہنچاتا ہے اور وہ گلے کے درد میں مبتلا ہو جاتے ہیں، اگر گلے میں شدید درد ہو تو پیاز کا رس نکال کر ایک چمچ پی لیں، یہ عمل چند دن دہرائیں انشا اللہ گلے کو درد ختم ہو جائے گا۔
ناک بند ہونا
اکثر مرد و خواتین کو موسم سرما میں ناک بند ہونے کی شکایت ہو جاتی ہے، ایسے لوگوں کو چاہئے کہ آدھا کپ پانی لیں اور اسے گرم کر لیں، اس میں سیب کا سرکہ اور چٹکی بھر پسی ہوئی لال مرچ ڈالیں اور مکس کر کے پی لیں، دن میں دو بار یہ عمل دہرائیں۔
ڈاکٹر بلقیس معروف ہربلسٹ ہیں، اخبارات اور ویب سائٹس پر شائع ہونے والے ان کے مضامین اور ویڈیوز لوگوں میں بہت مقبول ہیں۔