بھارت: دولہا نئی نویلی دلہن کو جنگل میں چھوڑ کر فرار

تلنگانہ: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست تلنگانہ میں دولہا خودکشی کی کوشش کرنے والی اپنی نئی نویلی دلہن کو جنگل میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والا وکرم ملازمت کے سلسلے میں بنگلورو میں قیام پذیر تھا جہاں اس کی ملاقات رابعہ نامی لڑکی سے ہوئی۔

وکرم اور رابعہ کو پہلی ملاقات میں ایک دوسرے سے پیار ہوگیا تھا اور انہوں نے 4 دسمبر کو شادی کی لیکن بہت جلد دونوں کے درمیان جھگڑے ہونے لگے، جوڑا بنگلورو چھوڑ کر حیدر آباد منتقل ہوگیا لیکن ان کے درمیان جھگڑے ہوتے رہے۔

ایک دن رابعہ نے دلبرداشتہ ہو کر زیادہ مقدار میں نیند کی گولیاں کھا لیں جس سے ان کی طبیعت بگڑنے لگی، وکرم نے اسے ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے ملوگومنڈل کے ون ٹی مامڑی جنگل میں چھوڑ کر کہیں فرار ہوگیا۔

جنگل کے اطراف رہائش پذیر افراد نے معاملے علم میں آنے پر پولیس کو اطلاع دی اور رابعہ کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے نئی نویلی دلہن کے اہل خانہ سے رابطہ کر کے ان کو اطلاع دی۔

پولیس دولہا کا سراغ لگانے کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں