بھارتی گلوکار جوبین نوٹیال کی خفیہ شادی؟ مداحوں میں تجسس
ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی گلوکار جوبین نوٹیال نے خاموشی سے اتراکھنڈ میں شادی کرلی اور یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہوں نے اپنی بچپن کی دوست سے شادی کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گلوکار نے اپنے آبائی علاقے اتراکھنڈ میں سادگی کے ساتھ ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور چند دوستوں نے شرکت کی، تاہم ان کی اہلیہ کی شناخت تاحال منظر عام پر نہیں آ سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 36 سالہ گلوکار نے اپنی بچپن کی دوست کو شریک حیات بنایا، مگر اس حوالے سے مزید تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں، خود جوبین نوٹیال نے بھی ابھی تک ان خبروں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، جس کے باعث مداحوں میں تجسس بڑھ گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض تصاویر میں گلوکار کو پیچ رنگ کے کرتا اور ایمرلڈ ہار میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کی مبینہ دلہن سادہ اور ہم رنگ لباس میں نظر آ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ جوبین نوٹیال نے 2011 میں ایکس فیکٹر انڈیا میں شرکت کے بعد اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور آج وہ بالی ووڈ کے نمایاں پلے بیک سنگرز میں شمار ہوتے ہیں، خاص طور پر اپنے رومانوی گانوں کی وجہ سے انہیں بے حد مقبولیت حاصل ہے۔