گوگل کا جیمنائی مزید سمارٹ، خودکار تصاویر بنانے کا نیا فیچر متعارف
نیویارک: (ویب ڈیسک) گوگل نے اپنے اے آئی پلیٹ فارم جیمنائی میں ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا، جس کے تحت صارفین اب اپنی ذاتی پسند اور دلچسپیوں کے مطابق تصاویر تیار کروا سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر "نانو بنانا" ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو پرسنل انٹیلی جنس کو مزید بہتر بناتا ہے، اس کے ذریعے صارفین کو اب تفصیلی ہدایات لکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ سادہ جملوں کے ذریعے ہی اے آئی ان کی پسند کے مطابق تصاویر تیار کر دے گا۔
مثال کے طور پر صارف کو صرف "ڈیزائن مائی ڈریم ہاؤس" لکھنا ہوگا، جس کے بعد جیمنائی اس کی دلچسپیوں اور سابقہ ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے خوابوں کے گھر کی تصویر تیار کر دے گا۔
یہ سسٹم صارف کے گوگل فوٹوز سمیت دیگر گوگل سروسز کے ڈیٹا کو بھی استعمال کرتا ہے، جس کے ذریعے خاندان کے افراد، ناموں اور یادگار لمحات کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکتا ہے، صارف یہ بھی کہہ سکتا ہے کہ "میرے خاندان کی ایک پکنک کی تصویر بنائیں"، اور اے آئی اس کے مطابق تصویر تیار کر دے گا۔
گوگل کے مطابق ہر تیار کردہ تصویر کے ساتھ "سورس" بٹن بھی موجود ہوگا، جس سے صارف کو معلوم ہو سکے گا کہ تصویر کس طرح تیار کی گئی، تاہم کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اے آئی بعض اوقات صارف کے تناظر کو غلط سمجھ سکتی ہے، اس لیے فیڈ بیک کا آپشن بھی فراہم کیا گیا ہے۔
یہ نیا امیج جنریشن فیچر ابتدائی طور پر جیمنائی پلس، پرو اور الٹرا صارفین کے لیے امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ مستقبل میں اسے دیگر ممالک اور گوگل کروم ڈیسک ٹاپ پر بھی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔