رجب بٹ کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کے کیس میں اہم پیش رفت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹک ٹاکر و یوٹیوبر رجب بٹ کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رجب بٹ کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کا جواب جمع کروا دیا۔

جواب میں کہا گیا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور زون نے ڈائریکٹر آپریشنز کو رجب علی کا نام پی سی ایل سے نکالنے کے لئے مراسلہ ارسال کر دیا۔

این سی سی آئی اے نے اپنے جواب میں کہا کہ رجب علی انکوائری میں شامل ہو چکے ہیں، رجب بٹ کا نام پی سی ایل سے نکالنے پر کوئی اعتراض نہیں۔

رجب علی کا نام انکوائری شامل تفتیش نہ ہونے پر 7 اگست 2025 کو پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔

این سی سی آئی اے نے کہا کہ ملزم رجب علی کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے کے الزام میں انکوائری زیرِ التوا ہے۔

جواب میں کہا گیا کہ رجب علی کے خلاف پیکا ایکٹ کی دفعہ 11 اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 298-A کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل راجہ ضمیر الدین وفاق کی جانب سے کیس کی پیروی کر رہے ہیں، کیس کی آیندہ سماعت 28 اپریل کو مقرر ہے۔

جسٹس اعظم خان رجب بٹ کی درخواست پر 28 اپریل کو سماعت کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں