سعودی عرب کے رائل کمیشن کے حج سیزن کیلئے خصوصی انتظامات مکمل

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے رائل کمیشن نے حج سیزن کے لئے خصوصی انتظامات کر لئے۔

رائل کمیشن نے حج سیزن کے دوران مقامات مقدسہ کو ’’سمارٹ سٹی‘‘ میں تبدیل کرنے اور عازمین کے لئے رہائشی و طبی سہولیات کو دوگنا کرنے کے منصوبوں کی تفصیلات جاری کر دیں، ان اقدامات کا بنیادی مقصد روایتی انتظام کو جدید ڈیجیٹل اور سمارٹ آپریشنز پر منتقل کرنا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کمیشن کی جانب سے منیٰ، عرفات اور دیگر مقدس مقامات پر انفرا سٹرکچر، رہائشی سہولیات، ٹرانسپورٹ اور ماحولیات سے متعلق متعدد منصوبوں پر کام کیا گیا تاکہ حجاج کرام کو زیادہ محفوظ، آرام دہ اور جدید سہولیات میسر آ سکیں۔

سرکاری دستاویز کے مطابق گزشتہ سیزن کے مقابلے میں رواں سال خیمہ بستیوں اور سبزہ زاروں میں نمایاں اضافہ کیا گیا، منیٰ میں سبز رقبے کو 3 ہزار سے بڑھا کر 36 ہزار مربع میٹر تک توسیع دی گئی جبکہ 18 لاکھ سے زائد پودے بھی لگائے گئے۔

رائل کمیشن کے مطابق جدید سمارٹ آپریشن سسٹم، نگرانی کے نظام اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے نئی ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی گئی، اس کے علاوہ پیدل راستوں، سایہ دار مقامات اور ایئر کولنگ سسٹمز کو مزید بہتر بنایا گیا تاکہ شدید گرمی کے دوران عازمین کو سہولت فراہم کی جاسکے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ رہائشی استعداد بڑھانے، طبی سہولیات میں اضافے اور ہنگامی امدادی مراکز کے قیام پر خصوصی توجہ دی گئی، متعدد نئے طبی مراکز، ایمرجنسی پوائنٹس اور سروس ایریاز قائم کئے گئے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام منصوبوں کا مقصد عازمین کو محفوظ، منظم اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مناسک حج بہتر انداز میں ادا کرسکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں