نادرا کا انگلیوں کے مدہم نشانات والے شہریوں کی تصدیق کیلئے نئی سہولت متعارف کرانے کا اعلان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نادرا نے 15 جنوری سے انگلیوں کے مدہم نشانات والے شہریوں کی شناختی تصدیق کیلئے نئی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔
نادرا کی جانب سے بائیومیٹرک اور شناخت کی تصدیق کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے مشاورتی کانفرنس کا انعقاد ہوا، کانفرنس میں مختلف شعبوں کے ریگولیٹرز اور متعلقہ اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
شناخت کی تصدیق، ریگولیٹرز اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیالات کیا گیا، چیئرمین نادرا نے شناختی تصدیق کے نظام میں جدت لانے کے تقاضوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
چیئرمین نادرا نے بتایا کہ چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے یا نادرا مراکز پر کرائی جا سکے گی، مختلف خدمات تک رسائی میں بہتری آئے گی اور غیرضروری تاخیر کا خاتمہ ہو گا۔
کانفرنس میں آنکھوں کے نشانات کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی ٹیکنالوجی پر سیرحاصل گفتگو کی گئی، نئے منصوبوں اور اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے باہمی اشتراک اور تعاون کو مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔