وزارت آئی ٹی نے مالی سال 27-2026 کیلئے 1.67 ارب مانگ لئے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت آئی ٹی نے مالی سال 27-2026 کے لیے 1.67 ارب روپے سے زائد کے فنڈز طلب کرلیے۔

فنڈز تین منصوبوں پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ، برج سٹارٹ پاکستان اور ای روزگار کے لیے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق سٹارٹ اپ فنانسنگ اور وینچر کیپیٹل کے لیے ایک ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے، 3 سالہ پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کی مجموعی لاگت 3 ارب روپے، اب تک 13 کروڑ سے زائد خرچ کر دیئے گئے۔

فری لانسرز کے لئے ڈیجیٹل سینٹرز کے قیام اور توسیع پر 26 کروڑ 40 لاکھ روپے مانگ لئے گئے، ملک بھر کے 30 اضلاع میں 80 ڈیجیٹل سینٹرز قائم، 6 ہزار 500 سے زائد نشستیں دستیاب ہیں۔

دستاویز کے مطابق ای روزگار اور ڈیجیٹل سکلز پروگرام کے لئے 40 کروڑ 80 لاکھ روپے کی تجویز دی گئی۔

منصوبوں کا مقصد سٹارٹ اپ ایکو سسٹم مضبوط کرنا، فری لانسنگ روزگار بڑھانا اور آئی ٹی ماہر افرادی قوت تیار کرنا ہے، یہ اقدامات ڈیجیٹل اکانومی کی جانب منتقلی کو تیز کریں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں