چاند کے گرد چکر لگانے کے بعد آرٹیمس 2 مشن زمین کی جانب واپس لوٹنے لگا
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک)5 دہائیوں سے زائد عرصے بعد انسانوں کو ایک بار پھر چاند پر لے جانے والا آرٹیمس 2 مشن 10 اپریل کو زمین پر واپس لوٹنے والا ہے۔
یہ مشن امریکی وقت کے مطابق شام 5 بج کر سات منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق ہفتے کی صبح 5 بج کر 7 منٹ) پر سان ڈیاگو کے قریب بحر الکاہل میں اترے گا۔
دسمبر 1972 کے بعد یہ پہلی بار تھا جب خلا باز زمین کے نچلے مدار سے باہر نکل کر چاند کے مدار تک گئے۔
آرٹیمس 2 مشن کے اورین اسپیس کرافٹ میں 4 خلا باز موجود ہیں جنھوں نے اپریل 1970 میں اپولو 13 میں سوار افراد کے 2 لاکھ 48 ہزار 655 میل فاصلے تک خلائی سفر کے ریکارڈ کو توڑا اور چاند کے اس حصے کا مشاہدہ کیا جو زمین سے نظر نہیں آتا۔
ان خلا بازوں نے 2 لاکھ 52 ہزار میل سے زائد کا فاصلہ کیا، 6 اپریل کو اورین اسپیس کرافٹ نے چاند کے مدار میں 6 گھنٹوں تک پرواز کی، اس مشن کے دوران اورین اسپیس کرفٹ سے ہزاروں تصاویر لی گئیں جو بتدریج سامنے آئیں گی۔
واضح رہے کہ 10 روزہ آرٹیمس 2 مشن اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ پہلی بار ایک سیاہ فام شخص چاند کے مدار پر بھیجا گیا ہے، جبکہ پہلی بار ایک خاتون اور ایک غیر امریکی فرد کو مشن کا حصہ بنایا گیا۔
تاریخی آرٹیمس 2 مشن میں سوار خلا باز چاند کے گرد چکر لگانے کے بعد زمین کی جانب واپس لوٹنے لگے، اس سے قبل نومبر 2022 میں آرٹیمس 1 مشن چاند پر جاکر زمین پر واپس آنے میں کامیاب رہا تھا، مگر اس مشن میں کوئی انسان موجود نہیں تھا۔
2028 میں آرٹیمس 3 مشن کو روانہ کیا جائے گا جس میں سوار خلا باز چاند کی سطح پر قدم رکھیں گے، آرٹیمس 3 مشن میں سوار خلا باز چاند کے قطب جنوبی پر اتریں گے، جہاں اب تک کبھی انسانوں نے قدم نہیں رکھا۔