پاکستان اور عمان کا تجارت و سرمایہ کاری کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ فعال بنانے پر اتفاق

مسقط: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی عمان کے وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں ویزا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کرنے اور دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن پر عمانی وزیر تجارت کو مبارکباد دی اور عمان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان خوشگوار تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد ہیں۔

دونوں ممالک کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ اقتصادی تعاون کو توانائی کے شعبے سے آگے دیگر شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والا جامع پروٹوکول دوطرفہ تعاون کے لیے مؤثر روڈ میپ ہے۔

اس موقع پر عمانی وزیر تجارت نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ پاکستان اور عمان کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...