پاکستانی عازمین حج کی بہترین میزبانی کو یقینی بنایا جائے: وزیر مذہبی امور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔

سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر اعلی افسران کی زوم کے ذریعے شرکت کی، لاہور سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی پہلی پرواز کے انتظامات کا حتمی جائزہ لیا گیا۔

وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ عازمین حج کی آمد سے قبل مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہسپتال اور ڈسپنسریوں کا قیام یقینی بنایا جائے، پاکستانی عازمین حج کی بہترین میزبانی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے موثر رابطے رکھے جائیں، انہوں نے وزارت کے حاجی کیمپوں میں تربیت ویکسینیشن، تحائف کی تقسیم اور دیگر جاری خدمات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ امسال خدام الحجاج کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، عازمین کرام خدام الحجاج کی ہدایات ہر عمل کریں تاکہ نظم و ضبط یقینی بنایا جا سکے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ عازمین حج سعودی قوانین کی مکمل پیروی کر کے ملک کی نیک نامی کا باعث بنیں، سعودی وزیر حج اور سعودی سفیر کے بھرپور تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں