وزیراعلیٰ مریم نواز کا بینک آف پنجاب کا دورہ، کاسٹ کنٹرول کیلئے مؤثراقدامات کی ہدایت
لاہور: (دنیانیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب بینک حکام کو کاسٹ کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا ، 15 سال کے بعد کسی وزیراعلیٰ پنجاب کا بینک آف پنجاب ہیڈ آفس کا یہ پہلا دورہ ہے، بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے مریم نواز کو تفصیلی بریفنگ دی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں چیف منسٹر ویلفیئر سکیموں کے مالیاتی امور کے بارے میں بتایا گیا، گرین ٹریکٹر سکیم، بائیک پروگرام، ہمت کارڈ، اپنی چھت…… اپنا گھر اور دیگرپراجیکٹس کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ بینک آف پنجاب کو بینک رینکنگ میں ٹاپ پر لانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ طلبہ گھر بیٹھے ڈیجیٹل عمل کے ذریعے بائیک کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں، طلبہ کے لئے بائیکس کی اقساط آن لائن ادا کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، وزیراعلیٰ انٹرسٹ فری بائیکس کے تحت 1591 بائیک ڈیلیور کی جا چکی ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 40 ہزار فارمرز کو ڈھائی لاکھ روپے لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے دیا جا رہا ہے، پنجاب بھر میں 65 ہزار سپیشل افراد کو بینک آف پنجاب اے ٹی ایم کے ذریعے ادائیگی کی جا رہی ہے، کسان کارڈ اور وزیراعلیٰ کے دیگر عوامی فلاحی پراجیکٹس میں بھرپور معاونت کیلئے بینک آف پنجاب کی ٹیم پرعزم ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیپازٹر کی پہلی چوائس بینک آف پنجاب ہی ہونا چاہیے۔