ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ کی تعیناتی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی کی تعیناتی کا وزارت بین الصوبائی رابطہ کا 26 جون 2024 کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ یاسر پیرزادہ کو ٹرانسفر کر کے پاکستان سپورٹس بورڈ میں تین سال کے لیے ڈی جی تعینات کرنا غیر قانونی ہے، سابق ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ شعیب کھوسو کی برطرفی کے بعد عہدہ خالی ہوا تھا، ایڈیشنل سیکرٹری آئی پی سی ظہور احمد کو بطور ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ ایڈیشنل چارج دیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی پی ایس بی کی تعیناتی کے لیے عہدہ خالی ہونے کے بعد 60 دنوں میں اسامی مشتہر کرنا ضروری ہے، مروجہ طریقہ کار اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر یاسر پیرزادہ کو ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ لگا دیا گیا، بے قاعدگی کو قانونی کور دینے کے لیے پی ایس بی کے آئین میں ڈی جی کی تعیناتی سے متعلق شق میں ترمیم تجویز کی گئی۔

عدالت سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے آئین میں ترمیم تجویز کی گئی جو کورم کے تحت نہیں تھی، یاسر پیرزادہ کو بطور ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن کاالعدم قرار دیا جائے اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈی جی کی تعیناتی کے لیے رولز کے مطابق اسامی مشتہر کر کے تعیناتی کا حکم دیا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں