محسن نقوی کا دورہ پاسپورٹ آفس، ایجنٹ مافیا کا صفایا کرادیا، عوام کا خراج تحسین
لاہور: (حسن رضا) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس سے ایجنٹ مافیا کا مکمل صفایا کرادیا جس پر سائلین نے محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا اور پاسپورٹ بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی، محسن نقوی نے شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کے عمل کے بارے دریافت کیا، شہریوں نے پاسپورٹ بنوانے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے پاسپورٹ آفس کھلنے سے بے پناہ رش ختم ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں امن کی آبیاری کیلئے آخری حد تک جائیں گے: محسن نقوی
وزیر داخلہ مختلف کاونٹرز پر گئے اور شہریوں سے گفتگو کی، محسن نقوی نے بعض شہریوں کے مسائل موقع پر حل کرنے کے لیے احکامات دیئے، بعض شہریوں نے علاقے میں ایجنٹ مافیا کی شکایات کی جس پر وفاقی وزیرداخلہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو آج ہی سے فی الفور کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت سب سے زیادہ عزیز ہے، پاسپورٹ ملنے میں تاخیر کی شکایات کا بھی ازالہ کیا جا رہا ہے، شہریوں کا اعتماد میرے لیے اطمینان کا باعث ہے۔