سازگار کاروباری ماحول کیلئے ریگولیٹری اصلاحات پر کام تیز کیا جائے: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات پر کام تیز کیا جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تحت جاری منصوبوں اور مختلف اقدامات کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے ملک میں کاروباری سہولت مراکز کی جلد از جلد تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ بی ٹو بی معاہدوں کی تکمیل اور دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مؤثر اور جامع روڈ میپ تشکیل دیا جائے، سرمایہ کاری کے لیے اس نوعیت کے اہداف مقرر کیے جائیں جن کا حصول جلد از جلد ممکن ہو۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کی مؤثر مارکیٹنگ بیرونی سرمایہ کاروں کو مائل کرنے کے لیے ناگزیر ہے، بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹرز کی تعمیر، روڈ شوز کا انعقاد اور ان جیسے دیگر اقدامات ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں 35 خصوصی اقتصادی زونز کا جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم (GIS) کے ذریعے سروے کیا جا چکا ہے، خصوصی اقتصادی زونز میں جاری منصوبوں کی پیشرفت میں تیزی لانے کے لیے وسیع ڈیٹا موجود ہے۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ خصوصی اقتصادی زونز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 18 نکاتی پلان تشکیل دیا جا چکا ہے، متعدد چینی کمپنیوں کے ساتھ 200 سے زائد بی 2 بی معاہدے طے پا چکے ہیں اور 70 ملین ڈالر کی مالیت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔
اجلاس میں آسان کاروبار ایکٹ 2024 کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں تاکہ آسان کاروبار ایکٹ 2024 کے تحت بورڈ آف انویسٹمنٹ ملک میں کاروبار کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق تشکیل دے سکے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔