میانوالی پولیس دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار، ایک دن میں دوسرا بڑا حملہ پسپا

میانوالی: (دنیانیوز) میانوالی پولیس دہشت گرد و شرپسند عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئی، میانوالی پولیس نے ایک ہی دن میں دہشت گردوں کا دوسرا بڑا حملہ پسپا کر دیا۔

تھانہ مکڑوال میانوالی پولیس کو آج دن میں ملاخیل دربار خاصہ بابا کے علاقے میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملی، دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ میں پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او میانوالی اختر فاروق، ایلیٹ فورس ٹیموں کے ہمراہ فوری علاقے میں پہنچے، سرچ آپریشن شروع کیا گیا، پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 10 سے 12 دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر دوبارہ فائرنگ کی۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ڈی پی او میانوالی اختر فاروق علاقے میں سرچ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، پولیس و سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے محفوظ پوزیشن لے کر جوابی فائرنگ کی، دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میانوالی پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے نہایت بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈی پی او میانوالی، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی، ڈی ایس پی سرکل عیسیٰ خیل سمیت تمام پولیس افسران و اہلکار کراس فائرنگ میں محفوظ رہے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرکے دم لیں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں