ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: سری لنکا کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا
دبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایشئن چیمپئن سری لنکا کو مسلسل دوسری بار شکست کا منہ دیکھنا پڑ گیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے ایونٹ کے پانچویں میچ میں سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے نیلاکشیکا سلوا نے 29، ہرشیتھا سمارا وکرما نے 23 اور انوشکا سنجیوانی نے16رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے میگن شاٹ نے 3 اور سوفی مولینکس نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے 94 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 15ویں اوور میں حاصل کرلیا، بیتھ مونی نے 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایلیسا پیری نے 17 اور ایشلیگ گارڈنر نے 12 رنز بنائے۔
سری لنکا کی سوگندیکا کماری، آینو کارانا ویرا، اودشکاپرا بودھانی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ سری لنکا ویمنز ٹیم کو ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان سے 31 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ آج آسٹریلیا نے اسے 6 وکٹوں سے دھول چٹائی ہے۔