شمالی وزیرستان میں خوارج سے جھڑپ، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 جوان دھرتی پر قربان

راولپنڈی: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں پاک فوج اور خوارج کے درمیان جھڑپ میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوان بھی شہید ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کارروائی کی گئی اور لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سوات: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشتگرد سرغنہ سمیت 2 خوارج ہلاک

ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے کہ شہید ہونے والے دیگر 5 جوانوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 43 سالہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کا تعلق فیصل آباد سے تھا جبکہ دیگر پانچ جوانوں کا تعلق خیبر، لکی مروت، ٹانک، اورکزئی اور سوات سے تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں