پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران سے ملاقات کی اجازت نہ ملی:کل اسلام آباد میں جلسہ،عامر مغل گرفتار

پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران سے ملاقات کی اجازت نہ ملی:کل اسلام آباد میں جلسہ،عامر مغل گرفتار

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے ، نیوز ایجنسیاں) بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے ناموں کی فہرست کے اختلافات کے باعث جیل پہنچنے والے کسی بھی پارٹی رہنما کو جیل میں داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔

بانی پی ٹی آئی کے طلب کیے جانے پر شاندانہ گلزار، فردوس شمیم نقوی، جنید اکبر، عمر ایوب، شبلی فراز اور رؤف حسن کے علاوہ شہریار آفریدی بھی جیل پہنچے لیکن جب عمر ایوب، شبلی فراز سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما اڈیالہ جیل پہنچے تو کسی کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی اور تمام رہنما جیل کے باہر کھڑے رہے ،عمر ایوب کی جیل عملہ سے تلخ کلامی بھی ہوئی اور انہوں نے کہا جیل سپرنٹنڈنٹ ٹاؤٹ ہے ۔ادھر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو (کل) 6جولائی کو ترنول چوک کے پاس جلسے کی اجازت دے دی۔ پولیس نے پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا۔جبکہ پارٹی قیادت نے کارکنوں کو پنجاب بھر سے شرکت کی کال دیدی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار کی عدالت نے وفاقی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت دینے پر پی ٹی آئی کی جلسہ سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

سٹیٹ کونسل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد ترنول میں جلسہ کرنے کا این او سی جاری کر دیا ہے جس پر وکیل پی ٹی آئی شعیب شاہین نے کہا کہ عدالت کی جانب سے 26 جون کو آرڈر کیا گیا اور ہمیں جلسے کی تیاری کے لئے صرف ایک دن کا وقت دیا گیا جس پر جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ آپ کی سیاسی جماعت تو بہت مشہور ہے آپ تو ایک گھنٹے میں بھی بندے اکٹھے کر سکتے ہیں،جسٹس بابر ستار نے کہا کہ کیا اب ڈی سی آپ کو جلسے کے لئے بندے بھی لا کر دے ؟ ۔ تحریک انصاف نے 6 جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسہ میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے کارکنوں کو بھر پور شرکت کی کال دیدی۔پولیس نے پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا۔عامر مغل کو ڈی سی آفس کے باہر سے گرفتار کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل عاصم بیگ نے گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے ۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب شوکت بسرا نے کہا کہ لاہور سے کارکنان کی بڑی تعداد جلسے میں شرکت کیلئے اسلام آباد جائے گی، بہت عرصے بعد پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت ملی ہے ۔شوکت بسرا نے مزید کہا کہ جلسے میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا، پنجاب بھر سے کارکن جلسے میں شرکت کی تیاری کریں، یہ جلسہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا۔شعیب شاہین نے کہا کہ یہ ہمارا بھرپور جلسہ بھی ہو گا اور احتجاج بھی ہو گا۔تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بانی کی رہائی کیلئے مانسہرہ میں لوگوں کا سمندر اکٹھا ہو رہا ہے ،اسلام آباد ترنول کے مقام پر تاریخی جلسہ ہوگا جو سب ریکارڈ توڑ دے گا،جلسوں میں ایک ہی مطالبہ ہو گا کہ قیدی نمبر 804 کو رہا کرو،اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پولیس چوکی پر موجود ایس ایچ او جاوید نے ہمیں روکا۔

انہوں نے کہا کہ ‘آئی جی جیل خانہ ٹاؤٹ ہے ، ایس ایچ او جاوید نے کہا ہمیں حکم آیا ہے ،عمر ایوب نے مزید کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ہمیں نفسیاتی طور پر دباؤ میں لائیں گے ، ان کا دماغ خراب ہے یہ نفسیاتی مریض بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ملاقات کورٹ آرڈرز کے مطابق طے تھی،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک پیج پر ہے ، ہم سب ایک ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ، محسن نقوی سب سے بڑا ڈاکو ہے ، ان سب کوتحریک استحقاق کے ذریعے لائن حاضر کریں گے ، ان سے پوچھا جائے گا ملاقات سے کیوں روکا گیا۔شہریار آفریدی نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کرلیں ہم نہ جھکیں گے نہ تقسیم ہوں گے ، ہم بانی پی ٹی آئی کے سپاہی ہیں، ان کے لئے کچھ بھی کرسکتے ہیں، یہ مخالفین کا ایک حربہ ہے کہ پارٹی کو تقسیم کیا جائے ۔جو ڈاکو چور حکومت میں ہیں ان کے لئے پیغام ہے ہم ایک ہیں۔

ہم متحد ہیں اورمتحد رہیں گے ، سب سن لیں اگلے وزیراعظم قیدی نمبر804 ہونگے ۔شبلی فراز نے کہا کہ انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ کو لوٹا گیا، آج کل کرائے کے لوگوں کو ٹی وی پر دوبارہ لایا جا رہا ہے ، تحریک انصاف متحد ہے ، ہمارے لیڈر بانی پی ٹی آئی ہیں، ہم جب بھی اڈیالہ جیل آتے ہیں ہماری تذلیل کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ تذلیل بنیادی طور پر پاکستان کے عوام کی ہے ، عزت اورذلت دینے والا اللہ ہے ، ڈی سی سے جلسے کی اجازت مانگی تو عامر مغل کو گرفتار کر لیا گیا، ہمارے اندر اختلافات تھے اور نہ ہیں۔دوسری طرف پی ٹی آئی کا 6 جولائی کو ہونے والا جلسہ محرام الحرام کی آمد کے پیش نظر خطرے میں پڑ گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے بھی جلسہ منسوخ کرنی کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ محرام الحرام کا آغاز ہو رہا ہے اور اس کے پیش نظر جلسہ نہیں کرنا چاہیے ، ایک طرف جلسے کی اجازت دی جاتی ہے اور دوسری طرف ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں