شرپسند پنجاب حکومت پر بے جا تنقید کررہے ہیں :صوبائی وزرا

شرپسند پنجاب حکومت پر بے جا تنقید کررہے ہیں :صوبائی وزرا

لاہور (اے پی پی)صوبائی وزرا عظمیٰ بخاری اور سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز شریف کے اقدامات سے آٹے کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوئی ہے ، چند شر پسند عناصر پنجاب حکومت پر بے جا تنقید کر رہے ہیں۔

محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے علما کرام کے ساتھ میٹنگ کا سلسلہ جاری ہے ،وزیر اعلی ٰ نے اپنی حکومت کے پہلے 100دنوں میں زراعت کے شعبہ میں فقید المثال منصوبے شروع کئے ۔ ڈی جی پی آر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے محکمہ خوراک میں بے ضابطگیوں پرچند ذمہ دار افراد کو معطل کیا اور پنجاب میں آٹے کی قیمت میں کمی کردی گئی اورآٹے کی نقل و حرکت کیلئے پرمٹ دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پنجاب حکومت پر تنقید کرنے کی بجائے اپنے صوبے کے معاملات پر توجہ دیں،وہاں کے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں کیونکہ کے پی کے میں پی ٹی آ ئی کی کئی سال حکومت رہنے کے باوجود وہاں کے عوام کی مشکلات کا کوئی پرسان حال نہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جو منصوبے شروع کئے ہیں وہ ایک سال میں مکمل ہوں گے ،یہ جو اداکار قسم کے لوگ ہیں وہ نہ صرف ہمارے پراجیٹکس پر غلیظ زبان استعمال کر رہے ہیں بلکہ ہمارے خلاف ایک مہم شروع کی گئی ہے ،جس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت اور وژن کے مطابق پنجاب ایگریکلچر ٹرانسفارمنگ پروگرام کے تحت زرعی شعبہ میں کسانوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں صوبے پر مسلط وسیم اکرم جیسے وزیراعلی نے کسانوں کے نام پر سیاست چمکائی لیکن کسانوں کیلئے عملی طور پر کچھ نہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں