حکمران جھوٹ بول رہے ہیں ،مہنگائی کم نہیں ہوئی:حافظ نعیم

 حکمران جھوٹ بول رہے ہیں ،مہنگائی کم نہیں ہوئی:حافظ نعیم

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا یہ علامتی دھرنا نہیں ہو گا مستقل بیٹھیں گے ، ملک بھر سے قافلے آئیں گے ، جلد چارٹر آف ڈیمانڈ کا اعلان کیا جائیگا، حکومت خود گرنا چاہتی ہے ۔

دھرنے کا ایجنڈا بجلی، گیس ، پٹرول کی قیمتوں اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف احتجاج ہے ، بارہ جولائی کو ہر صورت اسلام آباد کے اہم مقام پر بیٹھیں گے ، حکومت نے رکاوٹ ڈالی تو خود نتائج بھگتے گی، آئی پی پیز کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی بھرمار ہے ، آٹا، دال، چینی پر بھی ٹیکس لگا دیا، اشرافیہ کو ٹیکس نیٹ میں کیوں نہیں لایا جاتا، جاگیرداروں سے ٹیکس کیوں نہیں وصول کیا جاتا، حکمران جھوٹ بول رہے مہنگائی کم نہیں ہوئی۔

یہاں ٹی وی چینلز کے بیورو چیفس سے گفتگو اور سوالات کے جواب  دیتے ہوئے انہوں نے کہا سابق بانی پی ٹی آئی سے جیل سے باہر آنے پر قومی ایشوز پر بات چیت ہو گی۔ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف زور شور سے باتیں کرنے والوں کے متعلق پتا نہیں لگ رہا یہ کس کے آدمی ہیں۔ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ رابطہ اور ملاقاتیں بھی ہیں، انتخابی دھاندلی کے خلاف جدوجہد ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے ، جماعت اسلامی کسی اتحاد کا حصہ نہیں۔ دو تین مہینے سے تحریک تحفظ آئین کی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آ رہی، اس معاملے پر پی ٹی آئی ایک پیج پر نہیں۔ جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے سب ادارے اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جائیں، عوام اور اداروں میں دوریاں بڑھتی جا رہی ہیں۔

امیر جماعت نے کہا وسائل موجود ہیں اصل مسئلہ حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقی ہے ، ایف بی آر کے بائیس ہزار ملازمین کیا کر رہے ہیں سارے ٹیکس تو ان ڈائریکٹ وصول کئے جا رہے ہیں۔ ملک کا پہیہ نہیں چل رہا ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی سندھ میں سولہ سال سے برسراقتدار ہے صوبے میں کوئی انفراسٹرکچر ہے نہ ہی پینے کا صاف پانی دستیاب۔ حافظ نعیم الرحمن سے آسٹریلیا کے سفیر نیل ہاکنز اور فرسٹ سیکرٹری مائیکل کورٹف نے ملاقات کی جس میں مختلف امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ نعیم الرحمن نے کہا دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے گورننس اور اینٹلی جنس کو موثر بنانا ہوگا۔ فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں۔ امیر جماعت اسلامی سے افغانستان کے سفیر سردار شکیب، کراچی میں افغان قونصل جنرل عبدالجبار تخاری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ امیر جماعت نے کہا افغانستان کے ساتھ مستحکم دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کو مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں