عزم استحکام:یوم عاشور کے بعد اے پی سی:تیاریاں جاری،عجلت میں فیصلے نہیں چاہتے،دہشتگردی کیخلاف سب ملکر لائحہ بنائینگے:وزیراعظم

عزم استحکام:یوم عاشور کے بعد اے پی سی:تیاریاں جاری،عجلت میں فیصلے نہیں چاہتے،دہشتگردی کیخلاف سب ملکر لائحہ بنائینگے:وزیراعظم

لاہور (سلمان غنی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام پر آل پارٹیز کانفرنس یوم عاشور کے بعد ہوگی، اس حوالے سے تیاریاں جاری ہیں ، آپریشن نتیجہ خیز ہو گا۔

سیاسی قوتوں کی تائید و حمایت کے بعد دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان کی فوج اور عوام دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں اور ہم اپنی سرزمین کو دہشت گردی ، شدت پسندی اور انتہا پسندی سے پاک کر کے دم لیں گے ۔ دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عزم استحکام  دراصل خصوصی ایکشن پلان میں ایک نئی روح پھونکتا اور جذبہ پیدا کرتا ہے ، دہشت گردی کی جڑیں کاٹنے کیلئے معاشرے کے عام طبقات کو بھی انتہائی اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر دراصل پاکستان کی معاشی ترقی کے دشمن ہیں اور سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سی پیک کا عمل پایہ تکمیل کو پہنچاتو پھر پاکستان کو معاشی خود انحصاری کی منزل پر پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس کو دہشت گردی جیسے ناسور کے خلاف سنجیدہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن کی کامیابی کا اہم نکتہ سیاسی جماعتوں کا کلیدی کردار ادا کرنا ہے ۔

چونکہ یہ جنگ صرف فوج کو نہیں سب کو مل کر لڑنی ہے اس لیے قوم اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے جلد بازی ، عجلت کی بنیاد پر فیصلے نہیں چاہتے ہم نے اس عمل کو موثر اور نتیجہ خیز بنانا ہے جس کے لئے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ عزم استحکام سیاسی اتفاق رائے کے بغیر کامیاب نہیں ہو گا اور اس مقصد کے لئے سب مل بیٹھ کر لائحہ عمل ترتیب دیں گے ۔ ہم نے یہ جنگ جیتنی ہے جس میں شکست کا کوئی آپشن نہیں اور سٹیک ہولڈرز یہ عزم کر چکے ہیں کہ ملک کو آگے لے جا ئیں ، معاشی ترقی کی منزل پر پہنچنے کیلئے اپنے ہاؤس کو ان آرڈر کرنا ہے اور پاک سرزمین کو امن کا گہوارا بنانا ہے ۔ انہوں نے دہشت گردی کی جنگ میں فوج کے بڑے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی اور اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر دہشت گردوں کو محدود رکھا ، انشائاللہ عزم استحکام سے ملک کا امن مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ڈھکا چھپا نہیں کسے نہیں معلوم کہ کون چاہتا ہے کہ پاکستان معاشی طاقت نہ بنے کون ان دہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کر رہا ہے ، لہٰذا وقت آ گیا ہے کہ ہم ملکی بقا وسلامتی کی خاطر مل کر دفاع وطن اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اپنی افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں ، یہی وقت کا تقاضا ہے جس پر ہمیں پورا اترنا ہے ۔ 

کراچی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار ، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم شہبازشریف نے پورٹ پر کلیئرنس میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو پورٹ پر درپیش مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے موقع پر تاجر برادری کی کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ملاقات ہوئی جنہوں نے بندرگاہ پر درپیش مشکلات اور شپنگ لائنز کی زیادتیوں بارے  آگاہ کیا۔تاجروں نے وزیر اعظم سے پورٹ کے انفرا سٹرکچر کو بہتر بنانے کا مطالبہ کر دیا،۔وزیراعظم سے تاجروں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی سستی ہوگی تو برآمدات کو 6 ارب ڈالر تک بڑھا دیں گے ، ایکسپورٹ بڑھے گی تو بیرونی قرض کی ضرورت نہیں ہوگی، ایکسپورٹرز پر فکسڈ ٹیکس ختم کرنے پر تحفظات سے بھی شہباز شریف کو آگاہ کیا گیا ۔وزیر اعظم نے اگلے ہفتے ایف پی سی سی آئی سے پورٹ پر بہتری کیلئے تجاویز مانگ لیں۔

ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین ایف بی آر کو پاکستانی بندرگاہوں پر تیز کسٹمز کلیئرنس کیلئے جدید مشینری نصب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کسٹمز حکام پورٹ حکام سے مل کر بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل استفادہ حاصل کرنے کیلئے جلد اقدامات یقینی بنائیں، اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہیچی سن پورٹ، سا ئوتھ ایشین پاکستان ٹرمینل کا دورہ کیا۔اس موقع پر محمد شہباز شریف کو ٹرمینل کے آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کراچی میں ہیچی سن پورٹ، سا ئوتھ ایشین پاکستان ٹرمینل دنیا کے چند گہرے پانی پر موجود ٹرمینلز میں سے ایک ہے ،پورٹ ٹرمینل کو جدید طریقے سے چلایا جا رہا ہے جس میں زیادہ تر آپریشنز خودکار ہیں،پورٹ ٹرمینل پر جدید ٹیکنالوجی اور سکینرز نصب کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم کو پورٹ ٹرمینل کی استعداد کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پورٹ 35 لاکھ کنٹینرز سالانہ کی نقل و حرکت کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ایف بی آر کی جانب سے بندرگاہوں پر جدید سکینرز کی تنصیب کا عمل حتمی مراحل میں ہے جس میں جدید آلات اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے کنٹینرز کی کم وقت میں سکیننگ کی جا سکے گی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ پورٹ ٹرمینل کے آپریشنز بین الاقوامی معیار کے عین مطابق ہیں ،وزیرِ اعظم نے ہیچی سن پورٹ، سائوتھ ایشین ٹرمینل کے جدید آپریشنز کو سراہا،انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کو پاکستانی بندرگاہوں پر ترجیحی بنیادوں پر جدید ترین سکینرز نصب کرنے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے کہاکہ کسٹمز حکام پورٹ حکام سے مل کر بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل استفادہ حاصل کرنے کیلئے جلد اقدامات یقینی بنائیں،انہوں نے کہاکہ پاکستان کی برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے بندرگاہوں کی ترقی انتہائی ضروری ہے ،ملکی برآمدات کے اضافے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ،حکومت خطے کے دوسرے ممالک بالخصوص وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے مختصر اور موزوں ترین سمندری راہداری فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستانی بندرگاہوں کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے ،وسط ایشیائی ریاستوں، چین اور دیگر ممالک کی پاکستانی کی بندرگاہوں کے ذریعے تجارت سے پاکستان ہر سال اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکے گا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاک فوج کے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افسر جولئین معظم جیمز کو میجر جنرل کے رینک پر ترقی پانے پر مبارکباد دی ۔ وزیرِ اعظم نے میجر جنرل جولیئن کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ گزشتہ روز وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسیحی برادری کی پاکستان کی تعمیر و ترقی و دفاع کیلئے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ میجر جنرل جولئین معظم جیمز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور انکی محنت ولگن نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں