نیلم جہلم پراجیکٹ کی بندش،ڈیزائن میں خرابیاں،وزیراعظم کی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

نیلم جہلم پراجیکٹ کی بندش،ڈیزائن میں خرابیاں،وزیراعظم کی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد (نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک )نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بندش ،وزیراعظم نے پراجیکٹ میں خرابیوں کے ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔

 وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں پیدا ہونے والی حالیہ خرابی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی ،تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ شاہد خان نے رپورٹ پیش کی اور بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیلم جہلم پاور پر اجیکٹ کی دائیں اور بائیں ہیڈریس ٹنل میں 29اپریل کو فشار میں کمی ہوئی ، فشار میں کمی سے بجلی کی پیداوار بھی کم ہوئی جبکہ 2 مئی کو پاور پلانٹ سے پیداوار مکمل بند ہو گئی ،وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے کی بندش سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہورہاہے ۔پراجیکٹ میں جس جگہ خرابی پیدا ہوئی وہ راک برسٹ زون ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی دور میں بھی ہیڈ ریس ٹنل میں فشار کم ہونے سے پیداوار میں نمایاں کمی ہوئی تھی لیکن فشار میں غیرمعمولی تبدیلی کو نظر انداز کرکے معاملے کو جان بوجھ کر دبا دیا گیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ 2021 میں مرمتی کام نہ ہونے سے نقصان میں اضافہ ہوتا رہا اور یہ مجرمانہ غفلت تھی، 2021 میں پیدا ہونے والی خرابی کو بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

۔ 2022 میں منصوبے کی ٹیل ریس ٹنل میں خرابی سے بجلی کی پیداوار معطل ہوئی تھی جہاں نیلم جہلم منصوبے کی تعمیر میں جیوفزیکل اور سیسمک عوامل کو نظر انداز کیا گیا۔ ماہرین نے نشاندہی کی ہے کہ پر اجیکٹ کے ہیڈ ریس ٹنل کی مناسب کنکریٹ لائننگ نہیں کی گئی جبکہ بروقت تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی نہیں کرائی گئی ، وزیراعظم نے اتنے بڑے منصوبے میں مجرمانہ غفلت کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ منصوبے سے متعلق تفصیلی جیولوجیکل سروے کیوں نہیں کروایا گیا ،وزیراعظم نے تحقیقاتی رپورٹ فوری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خرابیوں کے ذمہ داروں کا تعین کرکے سخت کارروائی کی ہدایت کردی ۔وزیراعظم نے پاور پراجیکٹ کو جلد فعال کرنے کے حوالے سے فوری کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی ، اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری ، وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان افضل چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل( ر ) سجاد غنی ، سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ شاہد خان اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں