مہنگائی میں کمی،وزیراعظم مطمئن:رائٹ سائزنگ پالیسی کی نگرانی خود کر رہا ہوں،معیشت پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہونگے:شہباز شریف

مہنگائی میں کمی،وزیراعظم مطمئن:رائٹ سائزنگ پالیسی کی نگرانی خود کر رہا ہوں،معیشت  پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہونگے:شہباز شریف

اسلام آباد،لاہور،مریدکے (نامہ نگار،سیاسی رپورٹر سے ،نمائندہ دنیا)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے افراط زر کی شرح اور پاکستان ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہاہے۔

 کہ جولائی 2024 میں کنزیومر پرائس انڈیکس میں ریکارڈ کمی ہوئی اور افراط زر کی شرح 11 فیصد پر آگئی،حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے ،حکومت کی رائٹ سائزنگ پالیسی کے معیشت پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہوں گے جس کی نگرانی میں خود کررہاہوں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیش گوئی خوش آئند ہے ، فچ کے بعد حال ہی میں بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے جو عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے  پاکستان کے مثبت معاشی اعشاریوں کا اعتراف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو بلوں کی مد میں ایک بڑا ریلیف دیا گیا،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے ،ہماری حکومت تمام فوائد عام آدمی تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے ،عوام کی مشکلات کا احساس ہے ، حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کر رہی ہے ۔

دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تحریک آزادی کے معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، انہوں نے اپنی پوری زندگی اس مقصد کیلئے وقف کر دی ۔ وہ کشمیری تحریک کے عظیم رہنما تھے جن کا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر پختہ یقین تھا،کشمیر ی عوام کی آزادی اور ان کی خودارادیت کی جدوجہد کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ، قید و بند کی تکالیف اور صعوبتیں ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں ،ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا ،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے بھائی اور رکن پنجاب اسمبلی رانا افضال حسین کی وفات پر اظہار افسوس اور تعزیت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں