اسلام آباد ہائیکورٹ :ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لینے کا حکم:کراچی میں97فیصد نمبر لینے والے طلبہ ایف آئی اے طلب
اسلام آباد ،کراچی(اپنے نامہ نگار سے، دنیانیوز )اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست منظور کرتے ہوئے شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ امتحان دوبارہ لینے کا حکم دے دیا ،جسٹس ارباب طاہر نے طلبا کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزاروں کے جانب سے وکلاء عادل عزیز قاضی اور راجہ رضوان عباسی پیش ہوئے۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی ایک ماہ میں دوبارہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لے ،پی ایم ڈی سی رپورٹ کے مطابق ایم ڈی کیٹ پیپر میں سوالات آؤٹ آف سلیبس تھے ،بعد ازاں عدالت نے ایم ڈی کیٹ امتحانات کے خلاف درخواستوں پر مختصر فیصلہ جاری کر دیا،ایک صفحہ پر مشتمل مختصر تحریری فیصلہ میں عدالت کاکہناہے کہ ذوالفقارعلی بھٹویونیورسٹی اسلام آباد کی حدود کے درخواست گزاروں سے ایک ماہ میں دوبارہ ایم ڈی کیٹ امتحان لے ،جن امیدواروں نے پہلے امتحان دیا اور دوبارہ دینا چاہتے ہیں صرف ان کو اجازت ہو گی،امیدواروں کو پہلا یا دوسرا رزلٹ بطور option استعمال کرنے کی اجازت ہوگی،آٹھ ہزار روپے فیس پہلے ہی یونیورسٹی لے چکی اب دوبارہ سٹوڈنٹس پر بوجھ نہیں ڈالے گی۔ دوسری طرف ایم ڈی کیٹ میں97 فیصد نمبر لینے والے طلبا کو ایف آئی اے سائبرکرائم کراچی میں طلب کرلیاگیا،جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ طلبا یکم نومبر کو دن 12 بجے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں پیش ہوں،عملی طور پر کسی بھی طالب علم کے لیے اتنے زیادہ نمبر حاصل کرنا ممکن نہیں۔ شبہات ہیں کہ طلبا پرچہ لیک ہونے میں ملوث اور حقائق سے بخوبی واقف ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبرکرائم کا کہنا ہے کہ منصفانہ عمل کے لیے طلبا کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ سائبرکرائم حکام کے مطابق دفتر میں طلبا کا فرضی امتحان بھی لیا جاسکتا ہے ۔ریکارڈ پر دستیاب شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق طلب کیے گئے طلبا کا تعلق مختلف اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈز سے ہے ۔