قرعہ اندازی سے گرین ٹریکٹرز کا شتکاروں میں تقسیم ،زراعت جدید دور میں لائینگے:مریم نواز
لاہور(سٹی رپورٹر،اے پی پی ،دنیا نیوز) پنجاب میں 12سال بعدکاشتکاروں کیلئے نوازشریف کی ہدایت پرگرین ٹریکٹر سکیم شروع کردی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ تقریب میں گرین ٹریکٹر سکیم کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کرکے آغاز کیا۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیاکہ 25سے 50ایکڑ اراضی پر گندم کے کاشتکاروں کو ایک ہزار گرین ٹریکٹر بالکل مفت بذریعہ قرعہ اندازی دیں گے ۔ قرعہ اندازی میں اوکاڑہ کے محمد یاسین گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے پہلے خوش نصیب کاشتکار قرار پائے ۔ چکوال کے طالب حسین دوسرے جبکہ ڈیرہ غازی خان کے غلام اکبرگرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے تیسرے کاشتکار ہیں ۔ اوکاڑہ میں 339، چکوال میں 111 او رڈی جی خان میں 276کاشتکارو ں کوگرین ٹریکٹر دئیے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے تمام کاشتکاروں کو مبارکباد دی ۔ گرین ٹریکٹر سکیم کے پورٹل اور ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر تمام خوش نصیبو ں کے نام آویزاں ہوں گے ۔ ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے دفاترسے بھی کامیاب کاشتکارو ں کی لسٹ دستیاب ہوگی۔ سکیم کے تحت 9500کاشتکارو ں کو ہر ٹریکٹر پر 10لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے سکیم کے تحت دئیے جانے والے 4اقسام کے گرین ٹریکٹرز کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ٹریکٹر ڈرائیونگ کوخوشگوار تجربہ قرار دیا ۔
مریم نوازنے کہا پنجاب میں زراعت کو میکانائزیشن کے جدید دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں ۔صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے گرین ٹریکٹرسکیم سے متعلق بریفنگ دی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز سے یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر ویرایا کیٹ سوم ونگسری نے ملاقات کی جس میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز اور یو ایس ایڈ پنجاب چیپٹر کی نمائندہ عریشہ بانوبھی موجود تھیں ۔ باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال اور تجارت، کلائمیٹ چینج، قابل تجدید انرجی، وویمن اکنامک ایمپاورمنٹ، ہیلتھ کیئر اور ایجوکیشن میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلی ٰ نے کہاکہ کلائمیٹ چینج اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے گرین انرجی اور جدید ٹیکنالوجی پریو ایس ایڈ کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان اور امریکا کی پارٹنر شپ خطے کی ترقی اور امن وامان کے لئے اہمیت کی حامل ہے ۔ملاقات میں مستقبل کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر غورکیاگیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز سے صوبائی وزیر صنعت وتجارت شافع حسین نے بھی ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں انڈسٹریز کو درپیش مسائل اور ترقیاتی امور پر تفصیلی بات چیت بھی کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا صوبے کو انڈسٹریل ہب بنا کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے )کے نو منتخب چیئرمین میاں عامر محمود اوردیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے چیئرمین میاں عامر محمود،سیکرٹری جنرل شکیل مسعود، سینئر نائب صدرسلمان اقبال اوردیگرعہدیداروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ مریم نواز نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کومبارکباد پیش کی اوراپنے پیغام میں کہا دیوالی کے تہوار پر ہندو بھائی بہنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ دیوالی کا دیپ محبت کی جوت جگاتا ہے ۔دیوالی کی خصوصی تقریب میں ہندو خاندانوں کو مدعو کیا گیا۔ ملکر خوشی ہوئی، 20 دسمبر کو اقلیتوں کیلئے سپیشل مینارٹی کارڈکا اجرا کر رہے ہیں۔