سموگ پر زندگی مفلوج ،حکومت کہیں نظر نہیں آرہی:گورنر
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت کرکٹ کو سیاست کی نذر نہ کرے ، سکھوں کے ذریعے بھارتی حکومت تک پیغام پہنچانا چاہتا ہوں کہ وہ کرکٹ کو کھیل ہی رہنے دے ، امیدہے پاکستان اور بھارت پہلے کی طرح کرکٹ ،ہاکی، کبڈی سمیت تمام گیمز کھیلیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں کینیڈا اور امریکہ سے آئے سکھ یاتریوں کے وفد سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کھیلوں کے فروغ کیلئے پاکستان نے ہمیشہ قربانی دی، بھارت نے جب بھی بلایا پاکستان ہمیشہ گیا،پہلے بھی بھارتی حکومت نے ٹیم کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی ، چیمپئنز ٹرافی میں اگر انڈیا نہ آیاتو دنیا میں اچھا امیج نہیں جائے گا ، اسے آنا چاہیے کھیلوں سے ہی امن آتا ہے ۔ وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بھی خطاب کیا ۔ گورنر سلیم حیدر نے گورنر ہاؤس میں یو این ایس جی سی ایوارڈ تقسیم تقریب سے خطاب میں کہا ماحول کو صاف رکھنے کیلئے نئی نسل کی کاوشیں قابل تعریف ہیں ، گورنر ہائوس نئی نسل کو پروموٹ کرنے کیلئے کوشاں رہے گا ۔گورنر سے پی پی رہنمائوں ایم این اے ثمینہ خالد گھرکی، سابق ایم این اے چودھری منظور،ایم پی اے احمد سعید، اورنگزیب برکی، عزیز الرحمن چن ودیگر نے ملاقات کی ۔ مہمند ایجنسی لویہ جرگہ کے وفد نے بھی گورنر سے ملاقات کی ، گورنر نے کہا سموگ پرکاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ، عوام کو سموگ کے رحم وکرم پرنہ چھوڑا جائے ،پنجاب حکومت کہیں نظر نہیں أ ٓرہی، وہ حالات کی سنگینی کو سمجھے ،عوامی مسائل ، سموگ پر عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔مہمند لویہ جرگہ وفد نے کہا شناختی کارڈ ، پاسپورٹ حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ گورنر نے چیئرمین نادرا و دیگر حکام سے بات کر کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔