دوسروں کو مارنا پر امن احتجاج ہے؟فسادی خونیں باب لکھ رہے:مریم نواز
لاہور (دنیانیوز،اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 4رینجرز اہلکاروں کو کچل کر شہید کرنے پر شدید رنج ودکھ کا اظہار کیا ہے ۔
وزیراعلیٰ نے تشدد پسند مظاہرین کے گاڑی سے رینجرز اہلکاروں کو کچلنے کے اقدام کی شدید مذمت کی اورکہا شہید ہونے والے بھی کسی کے بیٹے اور بھائی تھے ،ظلم کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کیا دوسروں کو مارنا اور زخمی کرناپُرامن احتجاج ہوتا ہے ؟۔ فسادی اور تشدد پسند سیاسی تاریخ کا خونیں باب لکھ رہے ہیں۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کسان دوستی کے ثمرات ظاہرہونا شروع ہوگئے ہیں۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں گندم کی کاشت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا پہلی مرتبہ پنجاب میں ربیع سیزن میں کھادوافر موجود ہے اورنرخ بھی نیچے آرہے ہیں۔ پنجاب بھر میں ڈی اے پی کھاد کا 30فیصد سے زائد سٹاک دستیاب ہے اور پہلی مرتبہ گندم کے سیزن میں ڈی اے پی کھادکے نرخ میں 17فیصد کمی ہوئی ہے ۔ یوریاکھادکا ضرورت سے 125فیصد زیادہ سٹاک موجود ہے ۔
پنجاب میں یوریاکھاد کے نرخ 25فیصد نیچے آ گئے ۔ اجلاس میں بتایا گیا پنجاب بھر میں ایک کروڑ 65لاکھ ایکڑ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا جس کے تحت بوائی کا 82فیصد ٹارگٹ مکمل کر لیا گیا ہے اور 10دسمبر تک گندم کی کاشت مکمل کر لی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا پنجاب بھر میں 3لاکھ 26ہزارایکڑ سرکاری اراضی پربھی گندم کی کاشت کی جارہی ہے ۔ گندم کے کاشتکاروں کی معاونت اور رہنمائی کے لئے صوبہ بھرمیں 40ہزار یونیورسٹی ایگری گریجوایٹ انٹرنز فیلڈ میں موجود ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا وزیراعلی ٰ کی سکیم کے تحت گندم کے کاشتکاروں کومفت ایک ہزار گرین ٹریکٹر ز اور ایک ہزار لینڈ لیورلز کے لئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ مریم نواز نے صوبہ بھر میں گندم کی سٹوریج کیپسٹی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے خصوصی اجلاس میں وزیر زراعت اور ان کی ٹیم کو سراہا۔