صائم ایوب تیز رفتار سنچری : پاکستان کی زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست
بلاوائیو(سپورٹس ڈیسک )صائم ایوب کی تیز رفتار سنچری کے باعث پاکستان نے سیریز کے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی ۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 146 رنز کا ہدف 18.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔صائم ایوب نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 113 رنز بنائے ، انکی اننگز میں 17 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے اور وہ شاہد آفریدی کے بعد تیز ترین سنچری بنانیوالے بلے باز بن گئے ، عبداللہ شفیق 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔اس سے قبل زمبابوے کی پوری ٹیم محض 32.3 اوورز میں 145 بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کا اچھا نہ تھا اوپنر جویلورڈ گمبی 5 جبکہ تادیوانشے مارومانی 4 رنز بناکر پویلین لوٹے ۔ تیسری وکٹ کیلئے 38 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم ڈیون مائرز 33 اور کپتان کریگ ایروائن 18 بناکر پویلین لوٹ گئے ، بعدازاں کوئی بھی بیٹر پاکستانی بالرز کا مقابلہ نہ کرسکا۔سکندر رضا 17، شان ولیمز 31، برائن بینیٹ 14، بلیسنگ مزاربانی 11، برینڈن ماوتا 3 اور رچرڈ نگروا 2 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے ۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 جبکہ آغا سلمان نے 3 اور صائم ایوب، فیصل اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے صائم ایوب کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،قبل ازیں زمبابوے کے کپتان کریگ ایروائن نے کہا کہ کوشش ہوگی اس میچ میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کیخلاف پہلی بار سیریز جیتیں، یہ ہماری کرکٹ کیلئے تاریخی موقع ہوگا۔اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں فتح حاصل کرکے کامیابی یقینی بنانے کی کوشش کرینگے ، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں سپنر ابرار احمد اور طیب طاہر کا ڈیبیو ہوگا جبکہ محمد حسنین اور حسیب اللہ کو ڈراپ کیا گیا ہے ۔