صدر متحدہ عرب امارات کا دورہ پاکستان ،تجارت بڑھانے پر اتفاق

صدر  متحدہ  عرب  امارات  کا  دورہ  پاکستان ،تجارت  بڑھانے  پر  اتفاق

شیخ محمد بن زاید النہیان کا شہباز شریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اورکابینہ کے ارکان نے استقبال کیا، 21توپوں کی سلامی، گارڈ آف آنر پیش، شاہی طیارے کو جے ایف 17طیاروں نے حفاظتی حصار میں لیا وزیراعظم کیساتھ ملاقات میں معیشت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پربھی زور، دورہ مکمل کرنے پر واپس روانہ

اسلام آباد،راولپنڈی(نامہ نگار، نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ، صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تجارت اور دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان آمد پر شیخ محمد بن زاید النہیان کا نہایت پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا گیا،پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی جے ایف -17 لڑاکا طیاروں نے شاہی طیارے کو حصار میں لے لیا۔نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا استقبال کیا جبکہ خواجہ آصف، احسن اقبال،عطا تارڑ سمیت کابینہ کے سینئر اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔یو اے ای صدر کے ساتھ ان کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی پہنچا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے تعارف کرایا جبکہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم شہباز شریف سے متعارف کرایا۔دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا،متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بچوں سے ہاتھ ملایا اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔راولپنڈی کے راستے پرشاندار ثقافتی پرفارمنس کا اہتمام کیا گیا جس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان اور سندھ کی روایتی پرفارمنسز پیش کی گئیں۔120 مرد و خواتین آرٹسٹوں پر مشتمل ایک ٹیم نے لوک رقص، موسیقی اور روایتی نمائشیں پیش کیں، جس نے مہمان خصوصی اور ان کے ساتھ آئے وفد کو متاثر کیا۔ دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان تفصیلی اور بامعنی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا۔دونوں فریقین نے معیشت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا جس میں باہمی فائدہ مند ترقی کی وسیع صلاحیت موجود ہے ۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سٹر ٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد زاید النہیان دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ۔

یہ صدر متحدہ عرب امارات کی حیثیت سے ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا اپنے عزیز بھائی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا پاکستان کے سرکاری دورے پر استقبال کرنا میرے لیے باعث مسرت تھا ،جو نئے سال کی آمد کے موقع پر خوشیوں اور گرمجوشی میں اضافے کا باعث بنا۔ہم نے نہایت خوشگوار اور تعمیری بات چیت کی جس کے دوران دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں کے علاوہ امن اور خوشحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان کو متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے جو میرے عزیز بھائی شیخ محمد بن زاید النہیان کی سرپرستی میں مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔دوسری جانب محمد بن زاید النہیان نے دورے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرکہا متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات تاریخی نوعیت کے حامل ہیں اورامارات دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ،اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط کرنے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں بالخصوص اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون اور اسے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی یقینی بنائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں