پاک امارات تعلقات لازوال ،شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ باعث فخر :مریم نواز
متحدہ عرب امارات کے صدر کا پہلا سرکاری دورہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کریگا مسیحی برادری کابے خوف وخطر کرسمس منانا باعث اطمینان،پنجاب میں ہر اقلیت خودکو محفوظ تصور کرتی
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات لازوال اور بے مثال ہیں، متحدہ عرب امارات کے قابل احترام صدر کا پہلا سرکاری دورہ باعث فخر ہے ،شیخ محمد بن زاید النہیان کو پاکستان سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں،صدر محمد بن زاید النہیان کا دورہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔دریں اثنا مریم نواز نے صوبہ بھر میں کرسمس تقریبات کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہا رکیا ، انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کو کرسمس انتظامات پرشاباش دی ، انہوں نے کہا صوبہ بھر میں مسیحی برادری کابے خوف وخطر کرسمس منانا باعث اطمینان ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا خوشی ہے آج پنجاب میں ہر اقلیت خود کو محفوظ تصور کرتی ہے ،ہر مینارٹی کاتحفظ اور مساوی حقوق ہماری گڈ گورننس کا معیار ہے ، پاکستان میں ہر فرد کرسچن کمیونٹی کی خوشیوں میں شریک ہے جبکہ انڈیا میں انتہا پسند کرسمس منانے والوں پر حملے کرتے ہیں۔