شام :نماز جمعہ کے دوران مسجدمیں بم دھماکا ،8افرادجاں بحق

شام :نماز جمعہ کے دوران مسجدمیں بم دھماکا ،8افرادجاں بحق

حمص شہر کی امام علی بن ابی طالب مسجد میں نصب بم کو دھماکے سے اڑادیاگیا عسکریت پسند گروپ سرایا انصار السنہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی

دمشق (اے ایف پی)شام کے شہر حمص کی ایک مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران بم دھماکے کے نتیجے میں8افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے ۔شامی وزارت داخلہ کے مطابق حمص شہر کے محلے وادی الذہاب میں الخدری سٹریٹ میں نمازجمعہ کے دوران امام علی بن ابی طالب مسجد میں بم دھماکا ہوا،جس میں 8افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے ۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایک مقامی سکیورٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکا مسجد کے اندر رکھے گئے دھماکا خیز آلے کی وجہ سے ہوا ہو گا۔حمص شہر سنی مسلمانوں کی اکثریت کا گھر ہے لیکن اس کے ساتھ کئی علوی علاقے بھی ہیں۔عسکریت پسند گروپ سرایا انصار السنہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ،گروپ کی طرف سے ٹیلی گرام پر ایک پیغام میں کہا گیاکہ امام علی بن ابی طالب مسجد میں کئی بارودی آلات کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا، یہ گروپ حکمران بشار الاسد کی معزولی کے بعد تشکیل دیا گیا تھا جو علوی برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ عسکریت پسند گروپ نے جون میں دمشق کے چرچ میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں