کاروبار میں آسانی کیلئے کردار ادا کرتے رہینگے ،اسلام آباد چیمبر
تاجروں کی عزت مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،صدر سردار طاہر
اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد چیمبرکے صدر سردار طاہر محمود نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ اسلام آباد چیمبر تاجر برادری کا واحد اور حقیقی نمائندہ ہے اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے بھرپور اور موثر وکالت جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ٹی ڈبلیو اے )ستارہ مارکیٹ کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کی قیادت صدر سید الطاف حسین شاہ کر رہے تھے ۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ چیمبر تاجروں اور صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا تاکہ کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے تاجر برادری کے وقار اور عزت پر کسی قسم کے سمجھوتے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی تاجروں کی عزت مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ نائب صدر عرفان چوہدری نے چیمبر کی رکنیت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔