پیپلز پارٹی کو تحفظات نہیں،اہم امور پر ساتھ لیکر چلے ہیں،مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائےگا:مذاکرات:پی ٹی آئی سنجید ہو تو جواب دوں:وزیراعظم
لاہور (سلمان غنی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہوتو اس پر جواب دوں ،پیپلزپارٹی کو تحفظات نہیں، اہم امور پر ساتھ لیکر چلے ہیں ، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائیگا ۔
وزیراعظم نے دنیانیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کی خبریں میڈیا کی حد تک سن رہا ہوں ، جب کوئی باضابطہ رجوع ہوگا تو حکومت اس پر موقف دے گی، میں نے تو بطور اپوزیشن لیڈر بھی ملکی معیشت جیسے اہم ایشو پر صلح کا ہاتھ بڑھایا تھا مگر ہاتھ جھٹک دیا اور پھر میں نے بطور وزیراعظم پارلیمنٹ کے فلور پر باضابطہ مذاکرات کی پیش کش کی تھی تو ان کا ردعمل قابل افسوس تھا لیکن میں نے اپنا فرض پورا کیا، یہ تو کبھی ڈائیلاگ کے خواہاں نہیں رہے اور یہ تو سمجھتے تھے کہ حکومت اور ریاست پر چڑھ دوڑنے سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرلیں گے لیکن اسے معلوم نہیں کہ حکومت اور ریاست کمزور نہیں ہوتیں ۔شہباز شریف نے کہا کہ سیاست میں سیاسی طرز عمل اختیار کیا جاتا ہے ، حکومت کا فیصلہ ہے کہ قانون پر اثرانداز ہونے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا ہم نے یہاں سرمایہ کاری یقینی بنانا اور معیشت کی مضبوطی کو یقینی بنانا ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت اور ادارے ملکر اپنے طے شدہ پروگرام پر سرگرم عمل ہیں اور کسی کو اس ماحول پر اثرانداز نہیں ہونے دیا جائے گا ۔
ملکی معیشت پر سیاست کی کوئی گنجائش نہیں اور آج کا ہمارا بڑا مسئلہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل پر لے جانا ہے اور ہم اس مقصد کیلئے سرگرم عمل ہیں اور ملک آگے کی طرف جا رہا ہے یہ کسی کو ہضم نہیں ہو پا رہا اور دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے میں نہیں سمجھتا کہ اس کے اہم معاملات پر تحفظات ہیں ہم اسے ساتھ لیکر چلے ہیں اور جلد مشترکہ مفادات کی کونسل کا اجلاس بھی بلایا جائے گا۔ اتحادی حکومت کے تقاضے ہیں جنہیں ہم پورا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔شہبازشریف کا کہناتھاکہ ہماری حکومت نے مشکل حالات سے ملک کو نکالا ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو معاشی خود انحصاری کی منزل پر لے جانا ہے اس کیلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں، حکومت اس حوالہ سے یکسو اور سنجیدہ ہے کہ پہلی ترجیح پاکستان ہے اور پھر ہمارے اپنی جماعت کے مفادات ہیں ،ہماری سیاست پاکستان کے ساتھ مشروط ہے ، ملک مضبوط ہوگا تو سب مضبوط ہوں گے ، ماضی میں اپنے مفادات کیلئے ملکی مفادات سے کھیلنے کی روش اختیار کی گئی ریاستی اداروں کی املاک پر حملے کئے گئے ،ہم اس پر خاموشی اختیار کرلیں ایسا نہیں ہوگا، آج جو مذاکرات پر اصرار کر رہے ہیں بتائیں کہ اب ان پریہ بخار کیوں سوار ہے ایک طرف سول نافرمانی کی رٹ تو دوسری طرف مذاکرات، کیا یہ بڑاتضاد نہیں ، لہٰذا جب مذاکرات پر سنجیدگی اختیار کریں گے تو پھر ہم جواب دیں گے ۔
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پولیو کا انسداد ایک بہت بڑا چیلنج ہے ، وائرس کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ، اس بار پولیو کے مرض کو پاکستان کی سرحدوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے باہر نکالیں گے ۔انسداد پولیو مہم سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ والدین انسداد پولیو مہم میں ورکرز کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں تاکہ ان بچوں کا مستقبل محفوظ ہو اور وہ توانا ہو کر ملک کے روشن مستقبل میں کردار ادا کر سکیں۔ پاکستان کے ساتھ پولیو کے خاتمہ کی مہم میں شراکت داری پر بل گیٹس فائونڈیشن، عالمی ادارہ صحت اور سعودی عرب سمیت عالمی اداروں کے مشکور ہیں، پاکستان سمیت دیگر ممالک کی بھرپور معاونت کرنے پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمہ کی یہ جنگ ہم جیتیں گے ، ماضی میں مشکلات کی وجہ سے پاکستان میں پولیو کے 60 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو ہمارے لئے ایک چیلنج ہے ، یہ ہمارا عزم ہے کہ پولیو کے مرض کو پاکستان سے ختم کرکے دم لیں گے ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے ۔