بحرِ ہند میں سمندری تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، صدر
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر آصف علی زرداری نے سمندری وسائل کے تحفظ اور بلیو اکانومی کے فروغ کیلئے خطے میں اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحرِ ہند کے علاقے میں سمندری تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
سمندر سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔بلیو اکانومی تعاون پر تیسرے چین -بحرِ ہند علاقائی فورم سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ، آلودگی اور ماحولیاتی نظام کی تنزلی جیسے مسائل کوحل کرنا ہوگا، پاکستان بحری شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت کا خواہاں ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ہمارا خطہ امن، ترقی اور پائیداری کا گڑھ بنا رہے ، مستقبل کی عالمی معاشی ترقی مشرقی ممالک پر منحصر کرے گی۔ آصف زرداری نے کہا کہ سمندر سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔