لاہور ہائیکورٹ: پنجاب حکومت کو تمام دارالامان سے مرد ملازمین ہٹانے کا حکم
لاہور(محمد اشفاق سے)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکومت کو پنجاب کے تمام دارالامان سے مرد ملازمین کو ہٹانے، شیلٹر ہومز کی مانیٹرنگ کیلئے ڈیٹا بیس اور سافٹ ویئر بنانے اور تمام دارالامان کے داخلی راستے اور احاطے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا حکم دیدیا۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور دیگر کی درخواست میں دارالامان میں بچیوں کے حفاظتی اقدامات نہ ہونے ،خواتین کے حقوق اور چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ پر عمل درآمد نہ کرنے کے اقدامات کو چیلنج کیا گیا تھا، جسٹس طارق سلیم شیخ نے تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد36صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے قرار دیاکہ حکومت پنجاب تمام شیلٹر ہومز اور حفاظتی سینٹر کو ریگولیٹ کرنے کیلئے 6 ماہ میں خواتین تحفظ ایکٹ 2016 کے تحت رولز بنائے ،جبکہ 6 ماہ میں بچوں کے تحفظ کے اداروں کو چلانے کیلئے رولز بنائے ،حکومت پنجاب ہر ضلع میں خواتین کے تحفظ کی کمیٹیاں بنائے ، پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ضلعی ویمن پروٹیکشن افسروں سمیت حفاظتی سسٹم کے تمام ملازمین کی ٹریننگ کروائے ،ہر ضلع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کم از کم 2 ماہ میں ایک مرتبہ متعلقہ دارالامان کا جائزہ لیں ،دارالامان میں رہنے والی خواتین کی معاشی بحالی کیلئے انہیں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے ، چائلڈ پروٹیکشن بیورو بچوں کی حفاظت کے اداروں کیلئے ریگولیشنز بنائے ، بچوں کی حفاظت کے تمام اداروں کی رجسٹریشن یقینی بنائے ، تحصیل اور ضلعی سطح پر بھی چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم کرے، دارالامان، شیلٹر ہومز کے حوالے سے متعلقہ ویب سائٹ پر تمام معلومات فراہم کی جائیں۔
سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق دارالامان اور دارالفلاح حکومت پنجاب رولز آف بزنس 2011 کے تحت قائم کیے گئے ہیں یہ ادارے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ اصولوں کے مطابق چلتے ہیں ، عدالت نے قرار دیاکہ یہ بات غیر واضح ہے کہ کس قانون کے تحت وفاقی وزارت ویمن ڈویلپمنٹ نے کرائسز سنٹر قائم کیے ، ویمن پروٹیکشن ایکٹ 2016 کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع میں شیلٹر ہومز اور حفاظتی مرکز قائم ہونا تھے ، مذکورہ ایکٹ کے تحت ملتان کے علاوہ کسی دوسرے ضلع میں شیلٹر ہومز اور حفاظتی مرکز قائم نہیں ہوئے ، باقی اضلاع میں موجود دارالامان اور کرائسز سنٹرز کو حفاظتی مرکز قرار دیا گیا ہے ، ویمن پروٹیکشن ایکٹ 2016 کے مطابق، حکومت پنجاب کو ہر ضلع میں ویمن پروٹیکشن کمیٹی قائم کرنا ہے مگر صرف ملتان میں ایک کمیٹی فعال ہے جو کہ بغیر ایس او پیز کے کام کر رہی ہے ، پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی جانب سے شیلٹر ہومز کیلئے کوئی بھی ایس او پیز نہیں بنائے گئے ،عدالت نے پنجاب کے تمام دارالامان سے مرد ملازمین کو ہٹانے کا حکم دیدیا عدالت نے حکومت پنجاب کو شیلٹر ہومز کی مانیٹرنگ کیلئے ڈیٹا بیس اور سافٹ وئیر بنانے کے ساتھ ساتھ تمام دارالامان کے داخلی راستے اور احاطے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا حکم دیدیا۔