نواز شریف،مریم سے یو اے ای سفیر کی ملاقات،تعلقات نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق

نواز شریف،مریم سے یو اے ای سفیر کی ملاقات،تعلقات نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق

لاہور (اے پی پی)صدر مسلم لیگ (ن )نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جمعہ کے روز متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے ملاقات کی۔ نواز شریف اور مریم نواز نے یو اے ای سفیر کا شاندار استقبال کیا۔

دوران ملاقات پاکستان اور یو اے ای کے مابین تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق،برادرانہ باہمی تعلقات،اقتصادی شراکت داری، تعلیم، سائنس اور پائیدار ترقی میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف اور وزیر اعلی ٰ نے یو اے ای کی دور اندیش قیادت اور عوام کیلئے اہل پنجاب کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام دیا۔ انہوں نے صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یو اے ای کی سائنسی ترقی،ماحول دوستی اور جدید ویژن کو سراہا ۔ نواز شریف نے کہا پاکستان اور یو اے ای کا رشتہ محض سفارتی نہیں بلکہ دلوں میں بسا بندھن ہے ،باہمی رشتہ وقت اور حالات کی آزمائشوں میں ہمیشہ سرخرو رہا ۔مریم نواز نے کہا کہ یو اے ای کے ساتھ تعلیم، تحقیق اور ماحولیات کے میدان میں اشتراک عمل کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔وزیر اعلیٰ نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں، اداروں اور کاروباری برادری کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا پنجاب بزنس فرینڈلی انوائرمنٹ کے ساتھ سرمایہ کاری کیلئے بہترین انتخاب بن چکا ہے ۔ادھر وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا ہے لاہور میں سموگ کے سدباب کے لئے جدید اور موثرٹیکنالوجی کے استعمال میں پیش رفت جاری ہے ۔ دنیا کا پہلا آزمودہ ڈسٹ سسپنشن سسٹم،15 جدید اینٹی سموگ گنز کے ساتھ لاہور پہنچ گیا۔

ایکس پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا اینٹی سموگ گنز لاہور میں نصب ایئر کوالٹی نیٹ ورک اور ماحولیات تحفظ فورس سے منسلک ہوں گی۔ آلودگی کی شدت بڑھنے پر اینٹی سموگ گنز خودکار طور پر فعال ہو جائیں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا ٹیکنالوجی، جدت اور شہریوں کی شمولیت کے ساتھ سموگ کے خلاف جنگ جیتیں گے ۔ مسلح افواج کا قومی و عالمی امن کیلئے کردار قابل تحسین ہے ،اپنے آہنی بھائی کو سلام پیش کرتے ہیں۔تہنیتی بیان میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 98 ویں یوم تاسیس پر حکومت چین، عوام اور مسلح افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا پاک چین تعلقات صرف ریاستی یا دفاعی مفادات تک محدود نہیں بلکہ یہ دلوں کے رشتے ہیں۔مریم نواز نے کہا پیپلز لبریشن آرمی کی پیشہ و رانہ مہارت،جدید عسکری حکمت عملی اور قومی خدمت کا جذبہ مثالی ہے ،چین کی مسلح افواج کا قومی و عالمی امن کیلئے کردار قابل تحسین ہے جس پر ہم اپنے آہنی بھائی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا سرکاری سکولوں کی جدید ترین کمپیوٹر و سائنس لیبز تعلیمی انقلاب کی نوید بن گئیں،پنجاب کے بچوں کے لیے روشن مستقبل کا وعدہ کیا اسے حقیقت کا روپ دھارتے دیکھ کر دل خوشی سے بھر گیا ۔ انہوں نے کہا تیزی سے تعلیمی انفراسٹرکچر کو مکمل کر رہے ہیں کوئی بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں۔ رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں