وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یوم آزادی شایان شان منانے کیلئے تقریبات شروع
لاہور (اے پی پی)وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پرصوبہ بھر میں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے یکم سے 14اگست تک تقریبات کاآغاز ،گھروں پر قومی پرچم لہرانے کی مہم اورسرکاری و نجی عمارتوں پر جشن آزادی چراغاں شروع کر دیا گیا ،رواں سال جشن آزادی کی تقریبات کا عنوان حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک رکھا گیا ہے ۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پرہر ضلع میں جشن آزادی کی خصوصی سرگرمیوں کا آغاز کر دیاگیا ، مرکزی تقریب 14 اگست کو حضوری باغ لاہورمیں ہوگی، وزیر اعلیٰ پرچم کشائی کریں گی جبکہ اسی روز وہ ایکسپو سینٹر میں معرکہ حق پارک، معرکہ حق میوزیم اور یادگار معرکہ حق کی نقاب کشائی کریں گی۔علاوہ ازیں پنجاب بھر میں تقریبات ہونگی، گھروں، دکانوں، بازاروں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا جائے گا۔ خصوصی روڈ شوز ہونگے ، فلوٹ بھی چلائے جائیں گے ۔9 اگست کو مینار پاکستان پر آتش بازی اور لیزر شو ہوگا ،تحصیل اور ڈویژنز کی سطح پر بھی آتش بازی اور لیزر شوز ہونگے ،10اگست کو وزیراعلیٰ آفس اور دیگر سرکاری دفاتر میں پرچم لہرانے کی تقاریب ہونگی، 13اگست کو موٹر بائیک ریلی ہو گی۔
یوم آزادی پر بچوں، مشہور شخصیات، قومی ہیروز، کھلاڑیوں اور مختلف شعبوں کی نامور شخصیات کے پیغامات چلائے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معرکہ حق نے آزادی اور اس کے جشن کی اہمیت بڑھا دی اور قوم کو سمجھا بھی دی ،سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری بہادر مسلح افواج نے تحفظ آزادی کی تاریخ میں سنہری باب کا اضافہ کیا،قوم نے اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ملکر ثابت کیا کہ ہم اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ نے بارڈر ملٹری پولیس میں شمولیت اختیار کرنے والی باہمت بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں مریم نواز نے کہا ڈی جی خان اور راجن پور کی بارڈر ملٹری پولیس میں 53 باہمت خواتین نے شمولیت اختیار کرکے تاریخ رقم کردی ، جہاں کبھی خواتین کا نام لینا محال تھا ،وہاں آج حوصلہ مندخواتین جرات اور وقار کے ساتھ قدم رکھ چکی ہیں۔ خوشی ہے وردی پوش قابل فخربیٹیاں محافظ کے فرائض انجام دیں گی ،سلام ہے ان بیٹیوں کو جو فرسودہ روایات کی زنجیریں توڑ کر آگے بڑھ رہی ہیں ۔