وزیراعلیٰ سے نئے قونصل جنرل کی ملاقات:امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار:مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں تعینات ہونے والے امریکا کے نئے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرزنے گزشتہ روز ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اسٹیٹسن سینڈرز کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اور قونصل جنرل کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،تجارتی تعلقات،توانائی تعاون، ٹیکنالوجی، زراعت اور تعلیمی تبادلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو سراہا اورکہا کہ اسٹیٹسن سینڈرز کی تعیناتی تب ہوئی جب پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ پاک امریکا تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ایک قابلِ اعتماد،مستحکم اور دور رس شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں۔ عوامی رابطوں، تجارتی تعاون اور مشترکہ مفادات نے پاک امریکہ پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کیا ، 2024 میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ خوش آئند امرہے ۔امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور قابلِ اعتماد اقتصادی پارٹنر ہے ۔ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کی ایک مضبوط کڑی ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ امریکی ایگریکلچر ٹیکنالوجی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
بعدازاں محکمہ زراعت اورجی سی آئی کے درمیان کاشتکاروں کیلئے ون سٹاپ سلوشنچار ماڈل ایگریکلچر مالزبنانے کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کی تقریب ہوئی ،جس میں وزیراعلیٰ مریم نوا ز بھی موجود تھیں۔انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی سی آئی ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ساہیوال کے ماڈل ایگریکلچر مال کا انتظام سنبھالے گی۔ ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ساہیوال کے ایگریکلچر مال میں کاشتکاروں کو ون سٹاپ سلوشن ملے گا، چاروں ماڈل ایگریکلچر مال45 ایام میں فنکشنل ہو جائیں گے ۔ ماڈل ایگریکلچر مال پر زرعی مداخل، لون اور دیگر سروسز مہیا کی جائیں گی۔ مشینی کاشت کے فروغ کے لئے جدید ترین زرعی مشینری بھی رینٹ پر مہیا کی جائے گی،ڈرون سپرے کی سروسز بھی موجود ہوں گی۔ مزید 10اضلاع میں کاشتکاروں کی آسانی کیلئے ماڈل ایگریکلچر مالزبنائے جائیں گے ۔ ماڈل ایگریکلچر فارم پر کاشتکاروں کے مسائل کا حل اور ضروریات کا حصول ایک چھت تلے ممکن ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماڈل ایگریکلچر مال کے قیام سے کاشتکار کو مڈل مین کا محتاج یا جگہ جگہ خوار نہیں ہونا پڑے گا۔ کاشتکار بھائیوں کے ساتھ تھے ، ہیں اور رہیں گے ۔ کاشتکار کی ترقی،پاکستان کی ترقی ہے ۔ عملی اور تاریخی اقدامات کرکے ثابت کردیا کہ کاشتکار ہمارے بھائی ہیں۔