100ارب کے بلا سو د قرضے،گندم کے شتکار کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے:مریم نواز

100ارب  کے  بلا  سو د  قرضے،گندم  کے  شتکار  کو  اکیلا  نہیں  چھوڑیں  گے:مریم  نواز

لاہور(دنیانیوز)حکومت پنجاب وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر گندم کی کاشت سے قبل کاشتکاروں کی معاونت کیلئے جامع پروگرام تشکیل دے گی اورکسانوں کو 100ارب روپے کے بلاسودقرضے دئیے جائیں گے۔

اس حوالے سے گزشتہ روز وزیراعلیٰ کی  زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ گندم کے کاشتکار کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ، حکومت پورا ساتھ دے گی، پنجاب کے کاشتکار کو سب سے زیادہ سہولت اورحکومتی معاونت حاصل ہے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں بہتر پیداوار کے لئے گندم کی بروقت بوائی ضروری ہے ،پنجاب میں 2ماہ میں کاشتکاروں کو 63 ارب کی سبسڈی دی گئی،کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے 50 ارب کے بلاسود قرض حاصل کئے ،وزیراعلیٰ کے گندم سپورٹ پروگرام کے تحت 13 ارب سبسڈی دی گئی، کسان کارڈ پراجیکٹ کی وجہ سے پنجاب میں کھاد بالخصوص ڈی اے پی کا استعمال بڑھ گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے گندم کے کاشتکار کی معاونت اور پیداوار میں اضافہ کیلئے جامع پلان طلب کر لیا،گندم کی بوائی سے قبل زرعی مداخل کی لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔مریم نواز نے گندم کی بوائی سے قبل زرعی مداخل کی لاگت میں کمی کے لئے اقدامات اورکھاد کی وافر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی اورکہاکہ چھوٹے کاشتکار کو ریلیف کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے ۔اجلاس میں گندم کی کاشت سے قبل 100ارب کے بلاسود قرضے دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔بعد ازاں وزیراعلیٰ سے موبائل فون کمپنی جازکے سی ای او عامر ابراہیم نے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر پنجاب میں سرمایہ کاری اور بہترین کاروباری مواقع پر گفتگوہوئی۔مریم نواز کا کہناتھاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تمام تر اقدامات کررہے ہیں، پنجاب کومقامی اور غیرملکی سرمایہ کاری کا ہب بنانا چاہتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں