پاکستان کی بڑی کامیابی، امریکا نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا
اسلام آباد (دنیا نیوز)ہندوستان اور اس کے سپانسرڈ دہشت گردوں کو عالمی سطح پر بڑا دھچکا ، ٹرمپ انتظامیہ نے بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا، یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق 2019 میں بی ایل اے کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا، بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادر میں خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی، اعلامیہ میں بتایا گیا 2025 میں بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی، جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ میں 31 افراد جاں بحق ہوئے اور 300 سے زائد یر غمالی تھے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شمولیت امریکی انسداد دہشتگردی عزم کا حصہ ہے ، یہ دہشتگردوں کی مالی اور لاجسٹک سپورٹ روکنے کیلئے سخت اقدامات کا حصہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امریکا کی جانب سے بلوچ لبریشن آرمی اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک قابلِ تحسین اور بروقت اقدام قرار دیا ہے ۔ایکس پر اپنے پیغام میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کا مؤقف امریکی انتظامیہ کے سامنے انتہائی مؤثر اور مدلل انداز میں پیش کیا، جس کے نتیجے میں یہ اہم فیصلہ سامنے آیا۔
بی ایل اے اور مجید بریگیڈ طویل عرصے سے نسلی و لسانی حقوق کے جھوٹے پردے میں شہریوں کا خون بہاتے رہے ہیں اور ان کے ہاتھ بے شمار بے گناہ افراد کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت میں قابلِ جواز نہیں اور نہ ہی کوئی مقصد بے گناہ شہریوں کے قتل کو درست قرار دے سکتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے متحد ہو کر مشترکہ حکمت عملی اپنائے تاکہ دنیا کو اس خطرناک عفریت سے نجات دلائی جا سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں، کلبھوشن اور دیگر شواہد جوپاکستان کی جانب سے دئیے گئے وہ آج ثابت ہوگئے ہیں، امریکا کا یہ فیصلہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کانتیجہ ہے ، جلد ان کالعدم تنظیموں کے سہولت کار بھی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔