مری : ن لیگ کا اہم اجلاس، نواز، شہباز، مریم بھی شریک
مری، لاہور(نمائندہ دنیا،سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت چھانگلہ گلی میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ضمنی انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید،وفاقی وزرا احسن اقبال، خواجہ آصف،خواجہ سعد رفیق،رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ، امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی، کیپٹن (ر)محمد صفدر، انوشہ رحمن، ڈاکٹر توقیر شاہ، راشد نصراللہ اور دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف براستہ ایکسپریس وے اسلام آباد سے گلیات پہنچے۔ شہباز شریف مری میں رکے بغیر ڈونگاگلی روانہ ہوئے وزیر اعظم کی آمدکے باعث سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نواز شریف اور وزیراعلی ٰ مریم نواز گزشتہ روزسے چھانگلہ گلی میں قیام پذیر ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دوویک اینڈ بھی چھانگلہ گلی اورڈونگاگلی میں گزارے تھے۔