پاکستان ذمہ دار ایٹمی طاقت کشیدگی کی ذمہ دار بھارتی قیادت ہوگی: دفتر خارجہ

پاکستان ذمہ دار ایٹمی طاقت کشیدگی کی ذمہ دار بھارتی قیادت ہوگی: دفتر خارجہ

اسلام آباد(نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے بھارتی وزارتِ خارجہ کے غیر سنجیدہ اور بچگانہ بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان ایک بار پھر اس بات کا مظہر ہے کہ بھارت حقائق کو توڑ مروڑ کر اور باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کرنے کی دائمی عادت کا شکار ہے۔

پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے ،کسی بھی ممکنہ کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری بھارتی قیادت پر عائد ہوگی۔ترجمان وزارت خارجہ نے بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار اور میڈیا کے سوالات کے جواب میں ‘‘جو پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف سے منسوب بیانات پر بھارتی وزارتِ خارجہ کے تبصرے سے متعلق تھے ’’ کہا کہ بھارت کا مبینہ ‘ایٹمی بلیک میل’ کا بیانیہ گمراہ کن اور خود ساختہ ہے۔ پاکستان کسی بھی قسم کی طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی دینے کے سخت خلاف ہے ۔ ہم اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ بھارت نے بلاوجہ تیسرے ممالک کا حوالہ دے کر پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ہے ۔ یہ نہ صرف بھارت کی سفارتی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے بلکہ دیگر ممالک کو بلا وجہ اس معاملے میں شامل کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے ۔دوسری طرف بھارت کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کاسلسلہ جاری ہے ،سفارتی ذرائع کے مطابق 4 پاکستانی سفارتکاروں کومالک مکان کی طرف سے کنٹریکٹ کی مدت ختم ہونے سے پہلے گھر خالی کرنے کے نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ اپریل سے ان کے گھروں میں گیس ،پانی ،دودھ اور انٹرنیٹ کی سہولیات وقتاً فوقتاً روکی جارہی ہیں، پاکستانی ہائی کمیشن کا پانی بھی بند کردیا گیا ہے جبکہ ہائی کمیشن میں ڈیڑھ ماہ سے بھارتی اخبارات کی ترسیل بھی بند ہے ،سفارتکاروں سمیت 17 سٹاف ارکان کے بھارتی ویزوں میں توسیع بھی بھارتی وزارت خارجہ میں التوا کا شکار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں