دہشتگردی کا خاتمہ:پاکستان،امریکا کا مشترکہ عزم:دونوں ملکوں کا بی ایل اے داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان سے نمٹنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ،مذاکرات کے بعد بیان جاری

دہشتگردی کا خاتمہ:پاکستان،امریکا کا مشترکہ عزم:دونوں ملکوں کا بی ایل اے داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان سے نمٹنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ،مذاکرات کے بعد بیان جاری

اسلام آباد (وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور امریکا نے اسلام آباد میں مذاکرات کے تازہ ترین دور میں بی ایل اے ، داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔

 اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ قائم مقام کو آرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری ڈی لوگرفو اور نٹالی بیکر (چارج ڈی افیئرز) نے پاک۔امریکا انسداد دہشت گردی مکالمے میں شرکت کی، تاکہ عالمی خطرے سے نمٹنے کے مشترکہ عزم کو آگے بڑھایا جا سکے ۔سفارت خانے نے کہا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔وزارت خارجہ کے مطابق گریگوری لوگرفو نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی اور انہیں مکالمے کے دوران ہونے والی بات چیت پر بریفنگ دی۔اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مسلسل اور منظم دوطرفہ روابط کی حوصلہ افزائی کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق مکالمے کی مشترکہ صدارت پاکستان کے سپیشل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ نبیل منیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری ڈی لوگرفو نے کی۔

دونوں وفود نے دہشت گردی کے خطرات، بشمول بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے )،داعش خراسان( آئی ایس آئی ایس-خراسان)، اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی )کی طرف سے لاحق خطرات کے بارے میں موثر نقطہ نظر تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا،امریکا نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں عام شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارکان کے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا،دونوں وفود نے مضبوط ادارہ جاتی فریم ورک کی تعمیر اور سکیورٹی چیلنجز کا جواب دینے اور دہشت گردی کے مقاصد کے لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کا مقابلہ کرنے کے لیے صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔فریقین نے انسداد دہشت گردی کے لیے موثر اور پائیدار نقطہ نظر کو فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر مل کر کام کرنے پر زور دیا،پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے پائیدار اور منظم شمولیت ناگزیر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں