بھارت پانی کی ایک بوند نہیں چھین سکتا،10مئی کے بعد نیا پاکستان وجود میں آچکا:شہباز شریف

بھارت پانی کی ایک بوند نہیں چھین سکتا،10مئی کے بعد نیا پاکستان وجود میں آچکا:شہباز شریف

اسلا م آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پڑوسی ملک نے ہمارا پانی بند کرنے کی دھمکی دی ہے ، بھارت پاکستان سے ایک بوند پانی بھی چھین نہیں سکتا اگر اس نے دوبارہ کوئی حرکت کی تو وہ حال کریں گے کہ کانوں کو ہاتھ لگائے گا،بھارت کا غرور غرق ہوگیا۔

 10مئی کے بعد ایک نیا پاکستان وجود میں آچکا ہے ،تم پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے ۔نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر شہباز شریف نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا دشمن کو شکست دینے کے بعد ایک نیا پاکستان معرض وجود میں آچکا ہے ، چار دن کی جنگ میں ہماری افواج نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو اسے رہتی دنیا تک یاد رہے گا ۔شہبازشریف نے کہا بھارت ہم سے پانچ گنا بڑا ملک ہے اسے اپنی عسکری قوت کے اوپر نازتھا وہ سب ناز اس کا غرور 10 مئی کو غرق ہو گیا ۔شہباز شریف نے کہا پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے ، سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت پاکستان کے حصے کا پانی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے ، ملکی ترقی کیلئے میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے ، ہونہار طلبا کو میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ۔لیپ ٹاپس کی تقسیم چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہوگی۔انہوں نے کہا یہ لیپ ٹاپ قرضوں کے ذریعے لیپ ٹاپ سکیم کے علاوہ ہوں گے ۔انہوں نے کہا نوجوان محنت کریں، ہم محنت سے پاکستان کو عظیم مملکت بنائیں گے ۔وزیراعظم نے کہاقائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں 14 اگست1947کو پاکستان دنیا کے نقشے پر اُبھرا، جشن آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا تحریک پاکستان میں اقلیتی برادری نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا، تعلیم، صحت اور دفاع پاکستان میں اقلیتوں کا کردار کسی تعارف کا محتاج نہیں۔دریں اثناء شہباز شریف نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کے سولرپاور منصوبے کو ایک سال میں مکمل کیا جائے ،منصوبے کی خود نگرانی کروں گا،ملک کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ قابل تجدید ذرائع کو انرجی مکس میں شامل کرنا ہوگا۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس کو گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر منصوبے پر پیش رفت اور لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے منصوبے کی تعمیر کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری کو سونپ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے میں بین الاقوامی معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کم لاگت ماحول دوست بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

گلگت بلتستان کے لوگوں کو 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے نجات اور دو دراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی کیلئے سولرائزیشن سب سے موزوں حل ہے ، منصوبہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو کم لاگت اور ماحول دوست بجلی فراہم کرے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی ۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم کو ملک میں حالیہ بارشوں و سیلاب کے متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں و آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاع نظام کو مکمل فعال بنانے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ اس حوالے سے تعاون پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی ۔وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا حالیہ بارشوں و سیلابی صورتحال کے متاثرین کی مدد و بحالی میں این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ تعاون مزید مربوط بنائے ۔ موسم کی صورتحال و ایسی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر خطرے سے دوچار علاقے کے لوگوں کو پیشگی آگاہی یقینی بنائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں