ہمیں یقینی بنانا ہوگا کوئی قانون سے بالاتر نہ ہو : چیف جسٹس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا آگے کے سفر میں ہمیں جمہوری طرز حکمرانی کو مضبوط بنانے، کمزور طبقوں کے حقوق کے تحفظ اور اس بات کو یقینی بنانے میں ثابت قدم رہنا ہوگا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہ ہو۔
قوم کو پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے چیف جسٹس نے اپنے بیان میں کہا آزادی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں جسے منایا جائے بلکہ یہ ذمہ داری کے اعادے کا دن ہے ۔ ہمارا آئین عوام کی امنگوں کا مجسم روپ ہے جو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے ، تمام اداروں بالخصوص عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اصولوں کو دیانت داری، غیرجانبداری اور جرأت کے ساتھ برقرار رکھیں۔ ہمیں مل کر ایسا معاشرہ پروان چڑھانا ہے جہاں تنازعات منصفانہ طریقے سے حل ہوں، سچائی بے خوفی سے قائم رکھی جائے اور ہر شہری اپنی روزمرہ زندگی میں انصاف کی موجودگی کو محسوس کرے ۔اس مبارک موقع پر میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اتحاد، ضبط و نظم اور خدمت وطن کے عزم کو تازہ کریں، ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ آزادی کی اصل روح ہمارے اس اجتماعی عزم میں ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک منصف، پرامن اور خوش حال پاکستان تعمیر کریں۔