پی ٹی آئی ارکان کو قائمہ کمیٹیوں سے الگ ہونیکی ہدایت،سیکرٹری جنرل کا استعفیٰ مسترد

پی ٹی آئی ارکان کو قائمہ کمیٹیوں سے الگ ہونیکی ہدایت،سیکرٹری جنرل کا استعفیٰ مسترد

راولپنڈی ( خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی ارکان کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے الگ ہونے کی ہدایت کر دی ، پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کر دیا اور ان کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی قیادت، بہنوں اور قریبی ساتھیوں کی طویل ملاقات ہو ئی ۔ کارکنوں نے گیٹ پانچ سے داہگل ناکے تک بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی گاڑی کیساتھ ریلی نکالی اور شدید نعرے بازی کی ۔ پولیس کی جانب سے کوئی بھی مداخلت نہ کی گئی ۔کارکنوں کی ٹولیاں جیل کے باہر گھومتی رہیں ۔ شام کو سماعت کے اختتام پر علیمہ خان کی گاڑی جب باہر آئی تو کارکن گاڑی کے آگے پہنچ گئے اور گھیرے میں لے لیا ۔گیٹ پانچ سے داہگل ناکے تک تقریباً ایک کلو میٹر کا راستہ کارکنوں نے علیمہ خان کی گاڑی کیساتھ پیدل طے کیا ۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد علیمہ خان نے بہنوں ڈاکٹر عظمٰی ، نورین نیازی اور نعیم حیدر پنجوتھا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجا کا استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ پارٹی کو پشاور میں جلسہ کرنے اور قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے باہر نکلنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر ،نعیم پنجوتھا کو اہم معاملات پر مشاورت کرکے آج رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو گئی ۔عمران خان نے وزیر ستان آپریشن کی مخالفت کی اورکہا ہے کہ اس آپریشن سے سنگین نتائج بر آمد ہونگے ۔ بانی آپریشن پر سخت فکر مند ہیں ۔افغانستان کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ افغان باشندوں کو پاکستان سے نکالنے پر میں ان سے شرمندہ ہوں ۔ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ ہمیں قید تنہائی میں رکھ کر ڈرانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ،میں نہیں جھکوں گا نہ کوئی سودا کرونگا۔ہم نے اپنے بھائی کو شیر شاہ اور شاہریز کی گرفتاری کے متعلق بتایا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ اس ظلم و زیادتی کی ساری ذمہ داری عدلیہ پر ہے ۔ پارٹی رہنماؤں کی حالیہ سزاؤں اور نا اہلیوں پر بتایا کہ یہ کبھی پاکستان میں نہیں ہوا۔

وزیرستان میں آپریشن نہیں ہونا چا ہئے ۔بانی نے کہا ہے کہ افغانیوں کو پاکستان سے نہیں نکالناچاہئے ،افغانوں کو نکالنا اسلامی روایات کے خلاف ہے ۔ افغانوں کی واپسی پر شرمندہ ہوں، علیمہ خان نے بتایا کہ بانی نے بونیر اور دیگر علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاری پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بلین ٹری منصوبے کی قدر اب عوام کو سمجھ آنی چا ہئے ۔ عمران خان نے پارٹی کو ہدایات دی ہیں کہ پارلیمنٹ کی تمام کمیٹیز سے مستعفی ہوجائے جبکہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر خان اور سلمان اکرم راجہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ضمنی انتخابات میں حصہ لیکر ان انتخابات کوقانونی جواز فراہم نہیں کرنا چا ہئے ۔بانی کا واضح موقف ہے ضمنی انتخابات کا جواز فراہم نہیں کرنا چاہئے ۔پارٹی میں اگر کسی کی مختلف رائے ہوگی تو وہ اس کو بھی دیکھ لیں گے ۔بشریٰ بی بی کی صحت اچھی تھی ، عدالت میں ماحول اچھا تھا ۔ ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ سے میری کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وہ ہمارے وکیل ہیں اور ہماری فیملی کی طرح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کا اپنا کوئی مسئلہ ہوگا، یہ معاملہ سیاسی کمیٹی اور ضمنی انتخابات سے متعلق ہے ، میرا خیال ہے ان سے ہی پوچھیں۔صحافی نے سوال کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی کا ضمنی انتخابات سے متعلق علیحدہ مؤقف ہے اور پارٹی نے جو فیصلہ کیا آپ اس سے متفق نہیں؟علیمہ خان نے کہا کہ آپ نے سوال بہت عجیب سا پوچھا ہے ، بانی پی ٹی آئی سے کسی کی ملاقات نہیں ہو رہی ہے ، اگر بانی پی ٹی آئی فیملی کے ہاتھ مؤقف بھیجتے ہیں تو وہ ان کا مؤقف ہے ، آپ نے یہ کیوں کہا کہ وہ فیملی کا مؤقف ہے ، اگر ہم آپ سے بات کر رہے ہیں تو آپ ہمارا احترام کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے جان بوجھ کر بانی پی ٹی آئی اور فیملی کا کہا، یہ شیطانی ہے ، مجھے برا لگا، دکھ ہوا، آپ دو سال سے ہمارے ساتھ کھڑے ہو اور آپ کو مجبوراً یہ سوال کرنا پڑتا ہے ، ہمارے بچے اور بھائی جیل میں ہیں، ہمارے اوپر کیسز ہیں، اتنا تو لحاظ کر لو، جان بوجھ کر شیطانی والے سوال نہ کرو، ورنہ یقین کرو مجھے ضرورت نہیں میڈیا سے بات کرنے کی، ہمارا موڈ نہیں آپ سے بات کرنے کا، ہم بات نہیں کریں گے ۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا مجھے بہت خوشی ہوئی ہے تین ماہ کے بعد میں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ۔بہت اچھا لگا، یہ ملاقاتیں جاری رہنی چاہئیں، ملاقاتوں پہ پابندی نہیں ہونی چاہیے ، اچھی بات ہونی چاہیے اور میں ہمیشہ مفاہمت کی کوشش کرتا ہوں، اگلے ماہ ستمبر میں ہم عدلیہ کی آزادی ،جمہوریت کی بحالی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بہت بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں۔جیل میں بانی پی ٹی آئی کی سہولیات بحال کر دی گئی ہیں ۔انہیں اخبار بھی اب مہیا کیے جا رہے ہیں۔ آج کی ملاقات میں ملکی اور پارٹی امور سمیت کے پی کے میں سیلاب کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے کے پی کے میں طوفانی بارشوں سے ہونے والی تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کے پی کے میں متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے ۔سلمان اکرم راجا نے استعفیٰ دیا نہیں تھا، زبانی تھا لہذا منظور یا مسترد ہونے کا معاملہ سامنے نہیں آیا۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میرے استعفیٰ پر عمران خان نہیں مانے ہیں ۔سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ الیکشن کے حوالے سے سیاسی کمیٹی کا آج شام کو دوبارہ اجلاس ہوگا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور شبلی فراز ہی ہیں، وہ عدالتوں میں اپنے مقدمات لڑ رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کیلئے محمود خان اچکزئی کا نام خان صاحب نے دہرایا ہے ۔ بانی کی ہدایات کی روشنی میں سیاسی کمیٹی انتخابات کے حوالے سے اپنا فیصلہ کرے گی۔ادھر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مطالعہ کیلئے کتابیں اڈیالہ جیل پہنچا دی گئیں۔ میڈیارپورٹ کے مطابق عمران خان کے مطالعہ کے لئے کتابیں اڈیالہ جیل پہنچائی گئیں جنہیں ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے جیل انتظامیہ نے وصول کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں