دیربالا میں آپریشن ،فتنہ الخوارج کے9دہشتگردہلاک،2شہری شہید:10سی ٹی ڈی اہلکار زخمی
دیربالا،اسلام آباد (دنیا نیوز،نامہ نگار)خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالا میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 9دہشت گرد ہلاک ، دو شہری شہید اور 10 سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہو گئے ۔
ڈی پی او دیر بالا سید محمد بلال کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی اور پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 فتنہ الخوارج کے دہشت گرد مارے گئے جن میں سے 5 شرپسندوں کی لاشیں مل گئیں۔ آپریشن کے دوران دو شہری بھی شہید ہو گئے جبکہ 10سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔واضح رہے دیر بالا میں گزشتہ روز بھی پولیس اور سی ٹی ڈی کے آپریشن میں 5 خوارج ہلاک ہوئے اور 8 پولیس اہلکار زخمی ہو ئے تھے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی اور پولیس کے افسروں و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور آپریشن کے دوران شہید ہونے والے شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا، انہو ں نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے افسر و اہلکار وطن عزیر کی فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم سے حفاظت میں دن رات مصروف عمل ہیں۔