سڑکوں کی فوری مرمت وبحالی کا حکم ،سیلاب متاثرین کانقصان پورا کرینگے:مریم نواز

سڑکوں کی فوری مرمت وبحالی کا حکم ،سیلاب متاثرین کانقصان پورا کرینگے:مریم نواز

لاہور ،سیالکوٹ(سٹاف رپورٹر سے ،نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ سیلابی صورتحال میں انتظامی غفلت کی وجہ سے کوئی جان نہیں گئی،سیلاب سے بچاؤ کے لئے فیوچر پلاننگ پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے سیلاب سے تباہ ہونیوالی سڑکوں کی فوری مرمت وبحالی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ متاثرین کا نقصان پورا کرینگے ۔مریم نواز نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کیساتھ نارووال شہر کا دورہ کرکے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ نے شاہدرہ کے قریب دریائے راوی میں کشتی پر بیٹھ کر بھی سیلابی صورتحال دیکھی ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کیااور ان کیساتھ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے نارووال کا دورہ کیا،دونوں نے سیلاب متاثرین سکھ بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے کرتار پور کا بھی دورہ کیا،انہیں ڈپٹی کمشنر آفس نارووال میں این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔مریم نواز نے اجلاس سے خطاب میں انتظامیہ،ریسکیو ، پی ڈی ایم اے اوروزرا کو شاباش دی اور کرتار پور گور و دوارہ سے پانی کی جلد از جلد نکاسی ممکن بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ روڈز کی فوری مرمت و بحالی کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ نارووال سیلاب سے زیادہ متاثرہونے والے اضلاع میں شامل ہے ،سیلاب کے دوران ہونے والے جانی نقصان پر سب کو دکھ اور تکلیف ہے ۔ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں، جانی نقصان کا ازالہ ممکن ہی نہیں۔ انڈیا کے سپیل وے کھولنے کی وجہ سے پانی کے بڑے ریلے آئے ،ارلی وارننگ کا سسٹم اچھا کام کررہا ہے اور آبادی کا بروقت انخلا یقینی بنایا گیا۔ بعدازاں مریم نواز نے کشتی میں سوار ہو کر دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپ اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔ وزیر اعلیٰ نے شاہدرہ راوی پل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے انفراسٹرکچر اور ڈیمز کو مستقبل میں بہتر بنائیں گے ، پانی سٹور کرنے کیلئے سٹرکچر بنائیں گے ۔ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے ،دریاؤں اور ندی نالوں کی آبی گزرگاہ کو بھی کلیئر کیا جائیگا۔

متاثرین کی مدد کرنے پر پولیس اور ریسکیو کا شکریہ ،افواج پاکستان نے لوگوں کو ریسکیو کیا ، ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں،عوام ریسکیو اور ریلیف ورک میں تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی ایک پارٹی کا نام نہیں لینا چاہتی لیکن ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر مُلکی مفاد میں اب کچھ فیصلے کر لینے چاہئیں کیونکہ یہ لوگوں کی زندگیوں کا سوال ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب میں جو بھی نقصان ہوا ہے اسے پنجاب حکومت پورا کرے گی ، ہم متاثرین تک پہنچیں گے ۔ ان کاکہناتھاکہ پی ڈی ایم اے ، این ڈی ایم اے اور دیگر ٹیموں کو بٹھایا ہے اور اگلے سالوں کے لئے پلان طلب کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایک ایکس پیغام میں ویڈیو شیئرکی جس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کو متاثرہ علاقوں میں خاندانوں کو پکا ہوا کھانا تقسیم کرتے دیکھا جا سکتا ہے ،مریم نواز نے اپنے پیغام میں لکھاکہ شاباش ٹیم پنجاب اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں